بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا

پیر 17 مارچ 2025 21:18

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع کپواڑہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کوضلع کے علاقے زچلڈارہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔

بھارتی پولیس کے ایک افسرنے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان کو ایک جھڑپ میں مارا گیا تاہم مقامی لوگوں نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسے بھارتی فوجیوں نے ماورائے عدالت شہید کیاہے۔دریں اثنا ء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غیر قانونی نظربندیوں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور شہریوں کے قتل سمیت جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع کولگام میں تین بے گناہ شہریوں کا اغوا اور ان میں سے دو کا دوران حراست قتل مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے قائم کئے گئے خوف ودہشت کے ماحول کی واضح مثال ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیاہے کہ جموں وکشمیرپر مسلسل بھارتی قبضہ اور فوجی جمائو علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے جو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ممالک میں گھرا ہوا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر میں اپنا کاروبار قائم کرنے کی آڑ میں 200سے زائد بھارتیوں کو زمین الاٹ کی گئی ہے جس کے لئے اگست 2019میں دفعہ370کی منسوخی سے راستہ کھولا گیا تھا۔سرکاری اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق بھارتی ریاستوں ہریانہ ، پنجاب اوردہلی سے ہے۔ مقامی لوگوں نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ اس کا مقصد علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا اور کشمیر کی منفرد شناخت کو ختم کرناہے۔

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں سول سوسائٹی کی تنظیموں نے اعلی تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کے استحصال پر تشویش کااظہارکیا ہے جنہیں اکثر ملازمت، مناسب اجرت اور بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر میر واعظ کشمیر مولانامحمد یوسف شاہ کو آج ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں کشمیر کی جدوجہد آزادی اور مذہبی قیادت میں ان کے کردار کو سراہا گیا۔