Live Updates

تحریک انصاف کا قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار

77 سالوں سے ہم بطور ملک ان حالات کا شکار ہیں اور مزید ان حالات کے حق میں نہیں ہیں، ہم نے اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے اور فسطائیت کا خاتمہ کرنا ہے؛ سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 مارچ 2025 11:34

تحریک انصاف کا قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی صدارت میں ہوگا، اجلاس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی مشیر رانا ثنااللہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شرکت کریں گے، اس کے علاوہ حکومتی نمائندے ریاض پیرزادہ، توقیر شاہ، رانا تنویر، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور عطا اللہ تارڑ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، جام کمال خان ، حنیف عباسی، امیر مقام، اویس لغاری، سردار محمد یوسف، پرویز خٹک، رضا حیات حراج، جمال شاہ کاکڑ، سردار یعقوب اور دیگر بھی اجلاس کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

تاہم پاکستان تحریک انصاف نے قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے، اس حوالے سے تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اس اجلاس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ہم نے گزشتہ روز سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا، جس کے تحت تحریک انصاف کا بطور جماعت کوئی نمائندہ اجلاس میں نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کی حیثیت سے اس اجلاس میں شریک ہوں گے، بطور جماعت ہم اس وقت کسی بھی آپریشن کے حق میں نہیں ہیں کیوں کہ 77 سالوں سے ہم بطور ملک ان حالات کا شکار ہیں اور مزید ان حالات کے حق میں نہیں ہیں، ہم نے اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے اور فسطائیت کا خاتمہ کرنا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو پے رول پر رہا کیا جائے۔                                   
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات