Live Updates

پی ٹی آئی کو قومی سلامتی کے اجلاس میں نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی

پی ٹی آئی مجھ سے مشورہ کرتی تو انہیں شرکت کا مشورہ دیتا، 1988 سے ملک سے وفاداری کا حلف اٹھا رہا ہوں۔ سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 18 مارچ 2025 22:34

پی ٹی آئی کو قومی سلامتی کے اجلاس میں نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ 2025ء) جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو قومی سلامتی کے اجلاس میں نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی۔ انہوں نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو اجلاس میں نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی۔ پی ٹی آئی مجھ سے مشورہ کرتی تو انہیں شرکت کا مشورہ دیتا۔

انہوں نے کہا کہ 1988 سے ملک سے وفاداری کا حلف اٹھا رہا ہوں، ملک ہے تو سب کچھ ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متعدد بار اپنی تقاریر میں کہہ چکا، کہ یا تو میرا استاد شہید ہے یا اس اسکو مارنے والا مجاہد، دونوں باتیں ایک ساتھ درست نہیں ہو سکتیں، اپنے استاد کو شہید کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے فتوی دیا ہے، ہم نے بھی کہا ہے کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والا دہشت گرد ہے اور دہشت گردی کا کوئی مذہب اور فرقہ نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت اور قوم کو کسی مخمصے کا شکار ہوئے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس ایشو پر اکٹھا ہونا ہوگا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ دوسری جانب مرکزی رہنماء ن لیگ میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ فتنہ صرف عدم استحکام چاہتا ہے، جب کوئی سرمایہ کاری کیلئے آتا ہے تو یہ احتجاج کی کال دے دیتا ہے؟ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے حکومت میں آتے ہی سی پیک رُک جات اہے، ملک ڈیفالٹ کے دہانے اورمعیشت تباہ ہوجاتی ہے۔

دہشت گردی بڑھنے لگتی ہے، قومی مفاد میں ہراجلاس کا بائیکاٹ کیا جاتا ہے، کیا یہ محض اتفاق ہےکہ جب کوئی غیرملکی وفد سرمایہ کاری کیلئے آتا ہے تو یہ احتجاج کی کال دے دیتا ہے؟ یہ فتنہ صرف عدم استحکام چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آج کی پریس کانفرنس کے بعد قوم کو یقیناً موازنہ کرنے میں آسانی ہوگی کہ نوازشریف نے کیسا پُرامن، خوشحال مستحکم اورعالمی سطح پرایک ایٹمی طاقت رکھنے والا پاکستان دیا؛ مگر پراجیکٹ عمران خان اوراس کے سہولت کاروں نے پاکستان کو کہاں لا کر کھڑا کر دیا۔ غیرت ہو تو شرم سے ڈوب مرو!!
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات