مختلف شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کیلئے اعزازات

ذوالفقار علی بھٹو کو بعد از مرگ اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان ایوارڈ کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 23 مارچ 2025 16:24

مختلف شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کیلئے اعزازات
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2025ء ) یوم پاکستان پر مختلف شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اعلیٰ ترین سول اعزازات سے نوازا گیا، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو بعد از مرگ اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان ایوارڈ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر ایوان صدر میں اعلیٰ ترین سول اعزازات کی تقریب ہوئی جہاں مختلف شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی والوں کو اعزازات دیئے گئے، تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی، اس موقع پر سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقاربھٹو کو بعد ازوفات نشان پاکستان عطا کیا گیا، یہ اعزاز ان کی بیٹی صنم بھٹو نے وصول کیا۔

بتایا گیا ہے کہ ایئر مارشل ریٹائرڈ راجہ شاہد حامد مرحوم کو نشان امتیاز سے نوازا گیا، سلطان علی اکبرالانا کو مالیاتی شعبے میں نشان خدمت دیا گیا، ایس پی محمد اعجازشہید کو ہلال شجاعت، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید کو بھی ہلال شجاعت سے نوازا گیا، ڈی ایس پی سردار حسین شہید کوغیر معمولی بہادری پر ہلال شجاعت دیا گیا، کانسٹیبل جہانزیب شہید کو غیرمعمولی بہادری پرہلال شجاعت عطا کیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اللہ رکھیو شہید کو تعلیم کے شعبے میں شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال شجاعت عطا کیا گیا، ڈاکٹرسید توقیر حسین شاہ کو سول سروس میں خدمات پرہلال امتیاز ایوارڈ کیا گیا، کانسٹیبل ارشاد علی شہید کوغیرمعمولی بہادری کے اعتراف میں ہلال شجاعت عطا کیا گیا، ایڈیشنل ایس ایچ اوعدنان آفریدی شہید کوغیرمعمولی بہادری کے اعتراف میں ہلال شجاعت، سب انسپکٹر تیمورشہزاد شہید کو غیرمعمولی بہادری کےاعتراف میں ہلال شجاعت دیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ ایل ایچ سی محمد فاروق شہید کوغیرمعمولی بہادری کے اعتراف میں ہلال شجاعت دیا گیا، سپاہی محمد آصف شہید کو معمولی بہادری کے اعتراف میں ہلال شجاعت عطا کیا گیا، سید علی حیدر گیلانی کوخدمات عامہ کے شعبے میں گرانقدر خدمات پر ہلال امتیاز، حسین داؤد کو انسان دوستی و مفادعامہ کے شعبے میں شاندار خدمات پرہلال امتیاز، محترمہ سعدیہ راشد تعلیم کے شعبہ میں نمایاں خدمات پرہلال امتیاز عطا کیا گیا، خواجہ انور مجید کو سماجی شعبے میں گرانقدر خدمات پرہلال امتیاز، پروفیسر ڈاکٹر شہریار کو طب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ہلال امتیاز، ڈاکٹرزریاب کو بھی طب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ہلال امتیاز عطا کیا گیا۔

اسی طرح جاوید جبار کو ادب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ہلال امتیاز عطا کیا گیا، محترمہ سعدیہ راشد تعلیم کے شعبہ میں نمایاں خدمات پرہلال امتیاز عطا کیا گیا، عامر حفیظ ابراہیم کو سائنس اور آئی ٹی کے شعبے میں خدمات پر ہلال امتیاز عطا کیا گیا، جمی انجینئر کو سماجی خدمات کے شعبے میں شاندار کارکردگی پر ہلال امتیاز عطا کیا گیا جب کہ عمر فاروق کو خدمات عامہ شعبے میں شاندار خدمات پر ہلال امتیاز عطا کیا گیا۔