ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی یومِ پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

اتوار 23 مارچ 2025 16:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2025ء) ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی یومِ پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں تقاریب کا انعقاد کرکے ریلیاں نکالی گئیں جس میں تحریک آزادی میں شامل عظیم شخصیات اور پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع اور سٹی لاڑکانہ کی جانب سے بیگم نصرت بھٹو میموریل ہال میں تقریب منعقد کی گئی جس میں ایم پی اے لاڑکانہ جمیل احمد سومرو، پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے صدر و ایم این اے خورشید جونیجو، جنرل سیکریٹری و چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لاڑکانہ اعجاز احمد لغاری، وائس چیئرمین و تعلقہ صدر اسداللہ بھٹو، وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی و سٹی صدر خیر محمد شیخ، صفدر مٹھانی، چیئرمین دڑی ٹاؤن شاہ رخ انور سیال، سرائی سرفراز کھوکر، وقار احمد بھٹو، عبدالحق کھاوڑ، یوسی چیئرمین منیر احمد سومرو، محمد قاسم بروہی سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران، کارکنان اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

جعفر ایکسپریس سانحہ اور مقدس ماہ رمضان کے باعث 23 مارچ یومِ پاکستان کی تقریب چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں نہایت سادگی سے منائی گئی۔ دوسری جانب سماجی تنظیم پاک ڈیفنڈر سول آرگنائزیشن کی جانب سے موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جو لاہوری ریگولیٹر سے شروع ہوکر شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی جناح باغ اور پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کی قیادت مرکزی چیئرمین سکندر علی ابڑو، وائس چیئرمین غلام حسین بگھیو، سید امجد علی شاہ، رشید احمد میمن، وسیم احمد بھٹو اور مجاہد علی تنیو نے کی۔ اسی طرح پاکستان زندہ باد موومنٹ کی جانب سے بھی میروخان چوک سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سید ذوالفقار حیدر شاہ، ایاز علی ودھو اور عبدالنبی قریشی نے کی، شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ "پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج زندہ باد" کے نعرے بلند کر رہے تھے۔

تقریبات اور ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کو قرار دادِ پاکستان پیش کی گئی، جس کا مقصد ایک علیحدہ مسلم ریاست کا قیام تھا۔ اس قرارداد کو آل انڈیا مسلم لیگ کے قائدین نے پیش کیا، جس کے بعد مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947ء کو پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور پاک فوج سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔