Live Updates

اے پی سی کیلئے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت پر غورکیا جاسکتا ہے، بیرسٹر عقیل

اگر پی ٹی آئی اپنے بانی کی موجودگی کی شرط رکھتی ہے تو حکومت ویڈیو لنک شرکت پر غور کرسکتی ہے، وزیر مملکت قانون و انصاف کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 23 مارچ 2025 19:20

اے پی سی کیلئے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت پر غورکیا جاسکتا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2025ء ) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شرکت پر غورکیا جاسکتا ہے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے پی سی مین شرکت کیلئے عمران خان کو ویڈیو لنک کی سہولت دی جاسکتی ہے، اگر ضروری ہوا تو بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کی سہولت دی جائے گی، اگر اے پی سی میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی اپنے بانی کی موجودگی کی شرط رکھتی ہے تو حکومت ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت پر غور کرسکتی ہے۔

اسی معاملے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کہتے ہیں کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو پے رول پر لایا جائے، پی ٹی آئی نے یہ بات واضح الفاظ میں نہیں کہی لیکن انہوں نے بانی کی شرکت کو لازم قرار دیا ہے، بانی پی ٹی آئی جیل سے اخبارات میں آرٹیکل، پریس ٹاک اور بیانات دیتے ہیں لیکن قومی سانحے پر مذمت نہیں کرتے، پی ٹی آئی سانحہ جعفر ایکسپریس پر پروپیگنڈا کررہی ہے، اتنے روز گزرنے کے بعد بھی عمران خان نے اس واقعے کی مذمت نہیں کی۔

(جاری ہے)

ادھر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صدر مملکت پولومیچ دیکھنا چھوڑ کر اے پی سی بلائیں، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی پاکستان کے اثاثے اور وفاق کی علامت ہیں، بلوچستان کے معاملے پر صدر مملکت آصف زرداری کو آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) بلانی چاہیے اور اس میں عمران خان، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کو مدعو کرنا چاہیئے تاکہ یہ فیصلہ ہو کہ بلوچستان کے کون سے زعماء سے بات کی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات