گورنر سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری ،مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

اتوار 23 مارچ 2025 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور صوبائی وزرا نے مزارِ قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبندکئے۔جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج 23 مارچ 1940 کی تاریخی قرارداد کی یاد میں ہم یہاں موجود ہیں، قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی قدر ہمیں کرنی ہوگی، یہ ملک بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ معاشی اورسیاسی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں،وزیراعظم اور صدرِ مملکت کے ویژن کے مطابق پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج 23 مارچ کے موقع پر قوم کو یہ خوشخبری دینی ہوگی کہ ہم متحد ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو مل کر ناکام بنائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ قومی سلامتی اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں نے افواجِ پاکستان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواجِ پاکستان اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان ہمیشہ ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا جا سکے۔