Live Updates

چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کی تعیناتی میں تاخیر کیخلاف اپیل دائر

چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی آئینی مدت ختم ہونے کے باوجود عہدے پر رہنے کو غیرقانونی قرار دیا جائے؛ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 مارچ 2025 14:34

چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کی تعیناتی میں تاخیر کیخلاف اپیل دائر
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ 2025ء ) چیف الیکشن کمشنر اور ای سی پی کے 2 ممبران کی تعیناتی میں تاخیر کے خلاف اپیل دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نےچیف الیکشن کمشنر اور دو ممبرانِ کمیشن کی تعیناتی میں تاخیر کے خلاف قومی اسمبلی اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر، ممبر سندھ اور بلوچستان اپنی مدت مکمل کر چکے ہیں، نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی میں تاخیر کرکے آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، عدالت قرار دے کہ وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈرز نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ عدالت سپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے کر ارکان قومی اسمبلی کے نام دینے، چیئرمین سینیٹ کو ارکان سینیٹ کے نام سپیکر قومی اسمبلی کو بھیجنے کی ہدایت دے، عدالت وزیراعظم کو آئین کے آرٹیکل 213 کے تحت اپوزیشن لیڈر کے ساتھ بامعنی مشاورت کے احکامات جاری کرے اور چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی آئینی مدت ختم ہونے کے باوجود عہدے پر رہنے کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر سماعت عید الفطر کے بعد تک ملتوی کردی، عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو دوسری درخواست میں بھی دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کردی، اس حوالے سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی، بتایا جارہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کے اس مقدمے میں جیل ٹرائل کو چیلنج کررکھا ہے، ان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ’الیکشن کمیشن عدالتی اختیار استعمال نہیں کرسکتا‘، جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو دوسری درخواست میں بھی دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات