سی ٹی ڈی نے جعفر ایکسپریس حملے کے 4 مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا

ہلاک حملہ آوروں کی شناخت کیلئیفنگرپرنٹس نادراکوبجھوائے ہیں، سی ٹی ڈی ذرائع

منگل 25 مارچ 2025 19:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء) محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے جعفر ایکسپریس حملی کے 4 مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ جعفرایکسپریس پردہشت گردحملے کی تحقیقات جاری ہیں اور دیگراداروں کیساتھ مل کرتحقیقات اورحملہ آوروں کی شناخت کررہے ہیں۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق حملے کے 4 مبینہ سہولتکاروں کو حراست میں لیا، ہلاک حملہ آوروں کے زیراستعمال اسلحہ وکمیونیکیشن آلات کا فورنزک ہورہاہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی ذرائع کا بتانا ہے کہ ہلاک حملہ آوروں کی شناخت کیلئے فنگرپرنٹس نادرا کوبجھوائے ہیں جب کہ ہلاک حملہ آوروں کے جسمانی اعضاء بھی فورنزک ایجنسی کو بھجوادیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ کوئٹہ سے پشاور کے لیے جانے والی جعفر ایکسپریس کو بی ایل اے کے دہشت گردوں نے سبی کے قریب یرغمال بنا کر خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کو اغوا کر لیا تھا۔پاکستانی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں تمام 33 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گردوں نے فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 25 افراد کو شہید کیا تھا۔