ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحے کے کیس میں گرفتار

عدالت نے ملزم سے جیل میں تفتیش کی اجاز ت دیدی، دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ملزم کامران قریشی کو نامزد کردیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 28 مارچ 2025 15:55

ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحے ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مارچ 2025)کراچی میں دوست کو قتل کرنے والے ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کو پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحے کے کیس میں گرفتار کرلیاگیا،عدالت نے ملزم سے تفتیش کیلئے این او سی جاری کرتے ہوئے اے وی سی سی کو اجازت دیدی،انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پولیس مقابلہ و غیر قانونی اسلحے کیس کی سماعت ہوئی۔

دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کو نامزد کردیا گیا۔پولیس نے ملزم کامران قریشی سے جیل میں تفتیش کی اجازت طلب کرلی جس کی عدالت نے ملزم سے جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ارمغان عرف آرمی پہلے ہی اس مقدمے میں گرفتار ہے جبکہ پولیس مقابلہ و غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت ملزم کامران قریشی نامزد ہے ۔

(جاری ہے)

ملزم اسلحہ پشاور سے خرید کے سندھ لایا۔انسپکٹر محمد علی نے کہا کہ یہی اسلحہ پولیس مقابلے میں استعمال ہوا۔ اے وی وی سی سی نے ملزم کامران قریشی سے مزید تفتیش کیلئے عدالت سے اجازت طلب کرلی۔بعدازاں عدالت نے ملزم کامران سے جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی۔یاد رہے کہ اس سے قبل اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) اور کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) نے کامران اصغر قریشی کو 20 مارچ کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

ایس ایس پی اے وی سی سی انیل حیدر کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر بمقام اسٹریٹ 7، بنگلا نمبر 35، خیابان مومن فیز 5، گزری کراچی میں کارروائی کر کے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزم کی شناخت کامران اصغر قریشی کے نام سے ہوئی جومصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد تھے۔ گرفتار ملزم کے قبضہ سے 200 گرام آئس اور ایک 9ایم ایم پسٹل مع 2 میگزین اور 10 گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔