دہشتگردی سے نجات کی راہ نام نہاد آپریشن نہیں بلکہ قوموں کے حقوق پر ان کے بچوں کے واک واختیار کو تسلیم کرنے سے ممکن ہے ، ڈاکٹر حامد خان

جمعہ 28 مارچ 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2025ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی سے نجات کی راہ نام نہاد آپریشن نہیں بلکہ قوموں کے حقوق پر ان کے بچوں کے واک واختیار کو تسلیم کرنے سے ممکن ہے ۔ پشتونخوا وطن میں نام نہاد آپریشن کے ذریعے پشتون نسل کشی وطن کی بربادی کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی ۔

پہلے ہی پشتون عوام کے روزگار، ذریعہ معاش پر ناروا قدغنوں کے ذریعے ان کا معاشی قتل عام کا منصوبہ جاری رکھا گیا ہے ۔ ڈیورنڈ خط پر تجارت پر پابندی نہ صرف چمن بلکہ جنوبی پشتونخوا کے ہزاروں خاندانوں کو متاثر کیا ہے۔ پشتونخوا وطن بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے اضلاع میں دہشتگردی ، بدامنی ، لاقانیت ، اغواء برائے تاوان ، منشیات فروشی کے اڈوںکے قیام ، چوری ،ڈکیتی کی وارداتیں ، سٹریٹ کرائمز، قتل وغارت گری اور دیگر جرائم کے بڑھتی ہوئی تشویشناک حالت انتہائی خطرناک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدترین مہنگائی ، سخت ترین بیروزگاری کے باعث غربت اور بدامنی برھتی جاری ہے ۔مہنگائی اور بیروزگاری کی صورتحال پر قابو نہیں پایا گیا تو حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پارلیمنٹ کی کمیٹی جس کے چیئرمین سینٹر مشاہد حسین سید تھے جنہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ ڈیورنڈ لائن پر اسلحہ ومنشیات کے علاوہ باقی تمام اشیاء کی تجارت باڈر ٹریڈ کا حصہ ہے پر عملدرآمد کیا جائے۔

جس طرح واہگہ اور ملک کے دیگر سرحدی علاقوں میں تجارت وآمدورفت جاری ہے اسی طرح چمن کے عوام جو 100سے زائد سالوں سے جس طرح ڈیورنڈ خط پر آتے جاتے رہے ہیں ان کی آمدورفت وتجارت کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ فارم 47کی حکومت مہنگائی، بیروزگاری ، دہشتگردی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ عوام کے حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیاں ہی عوامی مسائل کے حل کا ادراک رکھتی ہے ۔

انہوں نے تمام پشتون عوام سے اپیل کی کہ وہ عید الفطر کے چوتھے روز ضلع پشین کے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرکے اپنے قوم دوستی ، وطن دوستی ، جمہوریت پسندی کاثبوت دیں ۔ ضلع پشین کے جلسہ عام سے پشتونخوامیپ کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی ودیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب فرمائینگے۔ اجلاس سے پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا ودیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔