پانی زندگی ،موت کا مسئلہ کسی قسم کی سودبے بازی، دھونس و دھمکی قبول نہیں کریں گے، ڈاکٹر اے جی

ْمقتدر قوتیں ہوش کے ناخن لیں کہیں سندھ کے حالات بھی بلوچستان اور کے پی کے جیسے نہ ہوجائیں

جمعرات 3 اپریل 2025 21:55

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء) جے یو آئی سندھ کے ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری نے حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کا پانی کسی صورت چوری ہونے نہیں دیں گے پانی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے جس پر کسی قسم کی سودیبازی، دھونس و دھمکی قبول نہیں کریں گے مقتدر قوتیں ہوش کے ناخن لیں کہی سندھ کے حالات بھی بلوچستان اور کے پی کے جیسے نہ ہوجائیں، علماء کرام نے فتویٰ جاری کردیا ہے کہ دریا پر سب سے پہلے ٹیل والوں کا حق ہے، پنجاب کسی بھی قسم کا کینال یا ڈیم نہیں بنا سکتا اگر سندھ کا پانی چوری کرنے کی کوشش کی گئی تو ہر قسم کی جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں، عالمی قوانین، شرعی، آئینی، تاریخی و اخلاقی طور پر دریائے سندھ سے کینال نکالنا ناجائز ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو تین ماہ تاخیر سے پانی ملنے کی وجہ سے زمینیں بنجر بن رہی ہیں جبکہ تازہ سندھ حکومت نے زراعت پر ٹیکس نافذ کرکے ظلم کی انتہا کردی ہے، ان کا کہنا تھا کہ کوٹڑی ڈاؤن اسٹریم میں پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے ڈیلٹا کے علاقے بدین، سجاول اور ٹھٹہ کی لاکھوں ایکڑ زمین سمندر برد ہوچکی ہے، جے یو آئی ترجمان نے کہا کہ سندھ کے پانی، بقا اور سالمیت کے لیے جے یو آئی کے قائد علامہ راشد محمود سومرو روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں لوگوں کے اجتماعات میں آواز بلند کررہے ہیں، جے یو آئی کے شہید رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے علماء کرام سے کالا باغ ڈیم کے خلاف فتویٰ جاری کرکے عملی جدوجہد سے کالا باغ ڈیم کے منصوبے کو دفن کرادیا اب دریائے سندھ سے متنازعہ کینالوں کے خلاف راشد محمود سومرو میدان میں ہے، انہوں نے سندھ کی تمام سیاسی و قومپرست تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ علیحدہ علیحدہ تحریک چلانے کے بجائے متحد ہوکر مشترکہ جدوجہد کریں، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی جانب سے 6 اپریل کو ایک ہی وقت گڈو بیراج سکھر بیراج، لاڑکانہ خیرپور بیراج، دادو مورو پل، آمری پل اور جامشورو پل پر تاریخی دھرنے دئیے جائیں گے جبکہ علامہ راشد محمود سومرو 9 اپریل سے 20 روز تک مسلسل مختلف اضلاع میں کینالوں کے خلاف احتجاجی جلوسوں کی قیادت کریں گے، جے یو آئی ترجمان نے دھمکی دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر کینالوں کا کام بند نہیں کیا گیا تو سندھ پنجاب بارڈر کو بند کرکے ٹریفک معطل کی جائے گی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ارسا ایکٹ میں ترمیم اور دریائے سندھ سے کینال نکالنا کا منصوبہ فلفور مسترد کیا جائے، پیپلز پارٹی اگر کینالوں کے خلاف ہے تو صدر پاکستان ارسا ایکٹ میں ترمیم اور 6 کینال بنانے کی سمری واپس لیں۔