حکومت جے ڈبلیو پی کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کررہی ہے،ابراہیم لہڑی

جمعرات 3 اپریل 2025 21:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء) جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر ابراہیم لہڑی ایڈووکیٹ ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات میر شمس کرد نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے جے ڈبلیو پی کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال اور پارٹی کارکنوں کو ہراساں کیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے ،جے ڈبلیو پی کا لانگ مارچ آج نواب اکبرخان بگٹی کے قلعے سے شروع ہوگا۔

یہ بات انہوں نے جمعرتا کو پارٹی رہنماوں جواد ہزارہ، چوہدری نوید احمد، رئوف بابر، سید نیاز آغا، ندیم کاکڑ، سید فیصل شاہ اور دیگر کے ہمراہ بگٹی ہائوس کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ میر ابراہیم لہڑی نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی صدر سابق صوبائی وزیر نوابزادہ گہرام بگٹی نے بلوچستان میں اسیر خواتین ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ، سمی دین بلوچ ، بیبو بلوچ اور دیگر اسیران کی رہائی کیلئے 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا عدم رہائی پر لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا جو ڈیرہ بگٹی سے کوئٹہ کیلئے شروع ہونا تھا الٹی میٹم کے بعد سندھ حکومت نے سمی دین بلوچ کو رہا کردیا جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور لانگ مارچ کا آغاز 72 گھنٹے گزرنے کے بعد 4 اپریل کو شروع ہونا تھا لیکن افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ اس سے قبل حکومت نے ہمارے آئینی حق کو سبوتاژ کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے سوئی ڈیرہ بگٹی میں پیٹرول پمپس کو سیل کرکے گاڑیوں اور دیگر گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع کرکے لوگوں کو ہراساں کرنا شروع کردیا اور لانگ مارچ کو روکنے کے لئے تمام جائز ناجائز حر بے استعمال کئے جارہے ہیں اور پارٹی کے لانگ مارچ میں شرکت کیلئے کراچی اور اندرون سندھ سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے کارکنوں کی کثیر تعداد کو ڈیرہ بگٹی آنے سے روک کر ہراساں کیا جارہا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور سندھ حکومت ایسے اقدامات سے گریز کریں اس طرح کے اقدامات کرکے 2006ء کے سوئی ، ڈیرہ بگٹی میں حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس وقت سوئی ڈیرہ بگٹی میں کرفیو کا سماں ہے ہم موجودہ حکومت اور کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کو بتانا چاہتے ہیں کہ لانگ مارچ آج شیر وطن نواب اکبر خان بگٹی کے قلعے سے ہوگا۔

(جاری ہے)

کیونکہ ہماری جماعت سیاسی ہے ہمارا آئینی حق ہے کہ ہم ایسے گھنائونے اقدامات کے خلاف احتجاج کریں اور عوام کا ساتھ دیں جمہوری وطن پارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں جس کی تاریخ گواہ اور پارٹی کے صوبائی صدر نوابزادہ گہرام بگٹی کی قیادت میں یہ عمل شروع ہوگا اگر روکنے کی کوشش کی تو پیدل لانگ مارچ کریں گے اور جہاں پر روکا وہی پر دھرنا دیں گے کیونکہ ہمارے قائد شہید نواب اکبر بگٹی نے سندھ دھرتی سے تعلق رکھنے والی خاتون کی عزت کیلئے اپنی جان قربان کی اگر لانگ مارچ پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بی این پی کے لانگ مارچ پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سردار اختر مینگل کے بلوچ خواتین کی رہائی کے ایک نکاتی ایجنڈے کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تمام قومیتیں جن میں بلوچ، پشتون ، پنجابی، سندھی، سرائیکی اور دیگر اقوام آباد ہیں اور یہ تمام قومیں ہماری جماعت کا حصہ ہیں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ منتخب نمائندہ نہیں بلکہ ہمارا مینڈیٹ چوری کرکے اس منصب پر بیٹھا ہے جس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔