وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عوام کو بجلی کی قیمتوں میں تاریخی ریلیف دے کر اپنا وعدہ پورا کر دیا،ڈاکٹرشائستہ جدون

جمعہ 4 اپریل 2025 18:32

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ ہزارہ ڈویژن کی صدر،رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عوام کو بجلی کی قیمتوں میں تاریخی ریلیف دے کر اپنا وعدہ پورا کر دیا۔مسلم لیگ (ن) کے منشور میں بھی ایک سال میں بجلی سستی کرنے کا وعدہ تھا جو پورا ہوا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دانشمندانہ فیصلوں سے ملک کی معیشت مستحکم ہو گئی ہے۔

جمعہ کویہاں اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ہم دعوؤں پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر شائستہ جدون نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی حکومت کی عوام دوستی کی بہترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کی عالمی ادارہ کی سخت شرائط کے باوجود معیشت کو بہتر بنانے کی عملی کوششوں نے مخالفین کو بھی چپ کروادیا ہے۔

بجلی بل یونٹ کی مد میں گھریلو اور صنعتی صارفین کے لئے قیمتوں میں نمایاں کمی سے عام شہریوں اور کاروباری طبقے کو براہ راست فائدہ ہو گا۔تاریخ گواہ ہے جب بھی مسلم لیگ( ن) اقتدار میں آئی ملک کو بحرانوں سے نکال کر عوام کو حقیقی ریلیف دیا ۔ڈاکٹر شائستہ جدون نے ملک میں معاشی بہتری کے آثار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی رفتار میں کمی آنا معاشی استحکام کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا تھا وہاں اب استحکام کی فضا بن رہی ہے۔ ترقی کے سفر میں تیزی آنا ملک کے روشن مستقبل کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی عید کے موقع پر عوام کے لیے ایک قابل قدر تحفہ ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف صدر مسلم لیگ(ن) نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔