وفاقی وزیر آبی وسائل کا واپڈا ہاوس کا دورہ ، پانی اور پن بجلی کے متعدد منصوبے اپنی تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں، محمد معین وٹو

جمعہ 4 اپریل 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے آج واپڈا ہاس لاہور کا دورہ کیا۔ واپڈا کے سینئرافسران اور ملازمین سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور نیشنل گرڈ میں ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی شامل کرنا وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اقتصادیات کو مستحکم کرنے کیلئے پانی اور پن بجلی کے متعدد منصوبے اپنی تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ قومی اہمیت کے پیش نظر ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تن دہی سے کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو اور تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے سمیت دیگر منصوبوں پر اہم اہداف حاصل کرنے پر واپڈا کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبے شیڈول کے مطابق مکمل ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے وزارت آبی وسائل کی جانب سے واپڈا کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔1958 میں اپنے قیام سے واپڈا قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ واپڈا پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کیلئے پرعزم ہے اور اس وقت پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں آٹھ بڑے منصوبوں پر مشتمل ملک کے سب سے بڑے ترقیاتی پروگرام پر کام کر رہا ہے۔

یہ منصوبے پاکستان کی معیشت کو درکار پانی اور سستی پن بجلی کی فراہمی کے ذریعے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ واپڈا کے زیرتعمیر منصوبوں میں دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، کرم تنگی ڈیم (پہلا مرحلہ)، نائے گاج ڈیم، کچھی کینال توسیعی منصوبہ اور گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم (کے فور) شامل ہیں۔

یہ منصوبے 2026 سے 2029-30 کے دوران مرحلہ وار مکمل ہوں گے۔ جن کے ذریعے پن بجلی کی پیداوار میں 10 ہزار میگاواٹ اضافہ ہو گا۔ واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 9 ہزار 500 میگاواٹ سے بڑھ کر 19 ہزار 500 میگاواٹ ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک کی مجموعی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں بھی 97 لاکھ ایکڑ فٹ اضافہ ہوگا۔ جس سے 39 لاکھ ایکڑ مزید اراضی زیرکاشت آئے گی جبکہ کراچی اور پشاور کو یومیہ 950 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم ہو گا۔ واپڈا کے ان زیرتعمیر منصوبوں کی بدولت ملازمت کے 35 ہزار مواقع بھی میسر آرہے ہیں۔