لیگی قیادت کی اولین کوشش عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے‘احسن افضل کھوکھر

دن رات محنت سے پاکستان ڈیفالٹ کے اندھیروں سے معاشی استحکام ،ترقی کے اجالوں کی طرف آیا ہے

اتوار 6 اپریل 2025 10:40

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رہنمائی میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی اولین کوشش عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے،اللہ کے کرم اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی دن رات محنت سے پاکستان ڈیفالٹ کے اندھیروں سے معاشی استحکام اور ترقی کے اجالوں کی طرف آیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں تاریخی کمی کرکے عوام کو عید کا تحفہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاق میں وزیراعظم شہباز شریف اور پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز شریف نے خدمت کی ایک نئی تاریخ لکھی ہے،جب نیت نیک ہو، دل میں عوام کی مشکلات کا احساس ہو اور ملک وقوم کی تعمیر کا جذبہ اور اہلیت ہو، تو ہی ترقی ہوتی ہے۔ احسن افضل کھوکھر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ہمیشہ عوام کومعاشی ریلیف ملتا ہے،مہنگائی میں مسلسل کمی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہی بہترین معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اب پاکستان میں خوشخبریوں کا موسم شروع ہوگیا ہے اور ملک میں ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں،نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔