سکیورٹی فورسز کا ڈی آئی خان میں خفیہ آپریشن،سرغنہ سمیت 9خوارجی ہلاک

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا،ہلاک ہونے والوں میں ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ شیرین بھی شامل تھا،آئی ایس پی آر

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 7 اپریل 2025 10:46

سکیورٹی فورسز کا ڈی آئی خان میں خفیہ آپریشن،سرغنہ سمیت 9خوارجی ہلاک
ڈیرہ اسماعیل خان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اپریل 2025)سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ آپریشن کے دوران سرغنہ سمیت 9خوارجیوں کو ہلاک کر دیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا،ہلاک ہونے والوں میں ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ شیرین بھی شامل تھا جبکہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹکوارہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب آپریشن کرتے ہوئے 9 خوارج کو ہلاک کیا۔خارجی رنگ لیڈر شیرین قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے انتہائی مطلوب تھا۔

(جاری ہے)

کئی بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ 20 مارچ 2025 کو کیپٹن حسنین اختر شہید کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بچے ہوئے خارجی کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

خیال رہے کہ سیکورٹی فورسزنے گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا ہ کے ضلع شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر سے خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھاجبکہ آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اور 6 اپریل کی درمیانی شب اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خوارج کے ایک گروپ نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے پاکستان میں داخلے کی کوشش کی تھی۔

سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی پیش قدمی کو روکتے ہوئے جوابی کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے اور جھڑپ میں 8 خوارج ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغان حکومت سے بارہا مطالبہ کیا کہ وہ بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے اور اپنی سرزمین پر موجود پاکستان مخالف دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔اعلامیے میں مزید یہ بھی کہا گیا تھا کہ علاقے میں دیگر خوارج کی موجودگی کے پیش نظر آپریشن کلین اپ جاری تھا اور سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کی حفاظت کیلیے چوکس و پرعزم تھے۔