کوئی ایسا بیوروکریٹ نہیں جو زمیندار ہو،یہ چند مرلے کے مالک، کاشتکاروں اور زمینداروں پر حکومت کر رہے ہیں‘حسن مرتضیٰ

پیر 7 اپریل 2025 23:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ کوئی ایسا بیوروکریٹ نہیں جو زمیندار ہو،یہ چند مرلے کے مالک، کاشتکاروں اور زمینداروں پر حکومت کر رہے ہیں، جو زمین کا سینہ چیر کر اناج اگاتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کاشتکار کے حالات بہتر ہوں مگر بڑی معذرت کے ساتھ، ہماری کسی بھی سیاسی جماعت کا کسان ونگ فعال نہیں۔

وہ گارڈن ٹائون کے نجی ہوٹل میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کسانوں اور زراعت کو درپیش مسائل پر منعقدہ اے پی سی سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک کاشتکار احتجاج کی کال دیتا ہے اور صرف 40سے 50کاشتکار اکٹھے ہوتے ہیں، کیا وجہ ہے کہ 80فیصد کاشتکار ہونے کے باوجود پارلیمان میں ہم بیٹھے ہیں اور باہر بھی مگر احتجاج میں صرف چند لوگ شرکت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسان کا مخالف کسی پارلیمانی زبان کو نہیں سمجھتا۔حسن مرتضی نے سوال کیا کہ آپ کی ان پٹس ہر سال مہنگی اور کسان کی گندم کیوں سستی ہوتی ہی بیورو کریسی اصل میں برا کریسی ہے جو ہمارے بچوں کا لقمہ چھین رہی ہے۔80فیصد لوگ 20فیصد کو ٹھیک کرنے میں ناکام ہیں۔حسن مرتضی نے کہا کہ ہمارا مسئلہ صرف گندم اور چینی کی قیمت نہیں،ہم دو رخی والے دور میں رہ رہے ہیں جہاں حکمران اور کسان کے لئے الگ الگ پالیسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہیہ کر لیں کہ اپنی ضرورت کی گندم پیدا کریں گے تودیکھتے ہیں حکمران کیسے ٹھیک نہیں ہوتے،ہمارا سب سے بڑا تعلق روٹی سے ہے۔کاشتکاروں کو مشکل فیصلے لینا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا کاشتکار دو دو ماہ ہڑتالیں کرتا ہے۔پاکستان میں ہمارا کسان جب متحد اور متفق ہو گا تو ہم بھی ساتھ کھڑے ہونگے۔