گورنرسندھ کی ملیر آمد، ٹریفک گردی سے متاثرہ خاندان کو دو پلاٹ دیئے

متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے آیاہوں۔ کراچی کا مقدمہ لڑرہا ہوں۔ میڈیا سے گفتگو

پیر 7 اپریل 2025 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملیر کے علاقہ سعود آباد میں 5فروری 2025ء کو ٹریفک گردی سے متاثرہ خاندان سے ملاقات میں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کو 80،80 گز کے پلاٹس کی فائلیں، راشن اوران کی مالی مددبھی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ معیشت چلانے والے شہر کے لوگ غریب ہوگئے ہیں۔

65 فیصد لوگ موٹر سائیکل چلا رہے ہیں۔ قانون سازی کرنا ہوگی تاکہ آئندہ ٹریفک کے حادثات میں اموات نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ لاشوں پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ ٹریفک حادثات کا مقدمہ کراچی کے شہریوں کے لئے لڑ رہا ہوں۔ ڈمپر سے لو گ مررہے ہیں اس ایشو کو حل کرنا ہے۔ ڈمپر سے کچلے جانے والے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے جاتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج دو بچیوں کو 80،80 گز کے پلاٹ دینے آیا ہوں۔

12 اپریل کو ڈمپر سے متاثرین کو گورنر ہائوس بلایا ہے۔ میں کراچی کا بیٹا ہوں، مجھے اس کراچی نے بہت کچھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی میرے ذاتی وکیل ہیں اس لئے انہیں جانتاہوں۔ میئر کراچی گورنرہائوس آجائیں ، دونوں موٹر سائیکل پر گھومتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی 80فیصد مینڈیٹ رکھنے والی جماعت کا گورنرہوں۔ شہر کے بے یارو مددگار لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ڈمپر تلے کچلے جانے والوں کے گھروں پر ضرورجائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ 100ارب روپے گرانٹ کا وزیراعظم کو خط لکھ دیا، آڈٹ بھی کرائیں گے۔ میئر کراچی پریس کانفرنس کی بجائے کام پر توجہ دیں۔ ایک سوا ل کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار سینئر ترین اور ایماندار سیاستدان ہیں۔