پنجاب بھر میں کار واش اسٹیشنز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع

ابتک 2557 کار واش سٹیشنز کو نوٹس جاری ، 322 سٹیشنز بند ،159 کو سیل کر دیا گیا

منگل 8 اپریل 2025 23:10

پنجاب بھر میں کار واش اسٹیشنز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء) انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی ای) کے واٹر اسکواڈز نے پنجاب بھر میں کار واش اسٹیشنز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا ،صوبے بھر کے 3525 کار واش اسٹیشنز کو واٹر ری سائیکلنگ سسٹم نصب کرنے کی آخری تاریخ گزرنے پر گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ای پی اے کی کارروائی کے دوران اب تک 2557 کار واش سٹیشنز کو نوٹس جاری کیے گئے، 322 سٹیشنز بند جبکہ 159 کو سیل کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 6 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔پنجاب حکومت کی اس سنجیدہ کارروائی کے نتیجے میں 646 کار واش سٹیشنز نے اپنی جگہوں پر واٹر ری سائیکلنگ سسٹم نصب کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ کار واش سٹیشنز کو 28 فروری 2025 تک یہ سسٹم لگانے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، تاکہ پانی کے غیر ضروری ضیاع کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ای پی اے ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے 12 فروری 2025 کو حکم نامہ جاری کیا تھا، جس میں خلاف ورزی کرنے والے پٹرول پمپس کو ایک لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا گیا تھا۔اس سے قبل گھروں میں گاڑیاں دھونے پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر بھی جرمانے کیے جا رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق یکم ستمبر 2024 سے 15 جنوری 2025 تک پنجاب میں 42 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث پانی کی بچت ناگزیر ہو چکی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بھی پانی کے باکفایت استعمال سے متعلق متعدد احکامات جاری کر چکا ہے۔ اس تناظر میں پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کی بچت مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آبی قلت اور موسمی تبدیلیوں جیسے چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔