امریکی کمپنیوں کو معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہیے. شہبازشریف

وزیراعظم کا امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار

بدھ 9 اپریل 2025 13:23

امریکی کمپنیوں کو معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اپریل ۔2025 )امریکہ کے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینیئر بیورو آفیشل (ایس بی او) ایرک میئر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ امور زیربحث آئے.

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایس بی او ایرک میئر کی قیادت میں امریکی وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات اسلام آباد میں ہوئی امریکی وفد پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینیئر افسر ایرک میئر آٹھ سے 10 اپریل تک اسلام آباد میں ہوں گے آج ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے اور امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہیے.

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا.

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینیئر بیورو آفیشل میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کیا. بیان کے مطابق ایرک میئر نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کیا اور امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی امریکی خواہش کا بھی اظہار کیا امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینیئر بیورو آفیشل میئر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے.

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے بھی شرکت کی .