محمد نوازشریف سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ملاقات،مجموعی ملکی صورتحال اور بلوچستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 9 اپریل 2025 18:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) مسلم لیگ( ن) کے صدر محمد نواز شریف سے بدھ کے روز نیشنل پارٹی کے صدر و سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وفد کے ہمراہ یہاں جاتی عمرہ میں ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان ، معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب راشد نصراللہ اور پارٹی رہنما خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر موجود تھے ۔

ترجمان مسلم لیگ( ن)کے مطابق دونوں قائدین نے مجموعی ملکی صورتحال اور بلوچستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مہنگائی کی رفتار اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے پر مبارکباد بھی دی۔بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے جاتی امرا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ مسلم لیگ کے قائد محمدنواز شریف سے ملاقات کیلئے جاتی امرا تشریف لائے تھے،اس تفصیلی ملاقات میں بلوچستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے درخواست کی کہ محمد نواز شریف ایک سینئر سیاست دان ہیں لہذا انہیں بلوچستان کی صورت حال کو بہتر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے اس پر تفصیلی بات کی ہے،بدقسمتی سے جمہوریت میں تعطل آگیا تھا جس کی وجہ سے بلوچستان کی صورتحال یہاں تک پہنچی، محمد نواز شریف نے یقین دلوایا ہے کہ وہ ذاتی طور پر دلچسپی لے کر اس کا حل نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بلوچستان میں امن امان قائم کرنے کیلئے اپنا سیاسی اور جمہوری کردار ادا کریں گے،جب محمد نواز شریف وزیر اعظم تھے اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ وزیر اعلی تھے تو بلوچستان میں ترقی ہوئی،امن و امان کی فضا بہتر تھی، صوبے کے عوام خوشحال تھے اور بلا خوف و خطر زندگی بسر کر رہے تھے ۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں محمد نواز شریف و دیگر قیادت کا شکر گزار ہوں کہ روایت کے مطابق ہمارا استقبال کیا گیا،ہم نے محمد نواز شریف کو کہا کہ بلوچستان کی جو صورتحال ہے اس پر آپ کا کردار بہت اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی معاملات پر بھی ہم نے محمد نواز شریف سے تفصیلا بات کی ہے،بلوچستان میں دھرنا ہے اور جو لوگ جیلوں میں ہیں اس پر محمد نواز شریف کردار ادا کریں جس پر وہ راضی ہوگئے ہیں کہ بلوچستان میں امن کی فضا کو بہتر کرنے میں وہ اپنا کردار ادا کریں گے،محمدنواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان آئوں گا لوگوں سے ملوں گا،بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اس کو سیاسی طریقے سے حل ہونا چاہیے۔دریں اثنا سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی وفد کے ہمراہ لاہور آمد پر رانا ثنااللہ خان اور معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب راشد نصراللہ نے شاندار استقبال کیا۔