10 اپریل وہ تاریخ ساز دن ہے جب قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مملکت خداد پاکستان کو پہلا متفقہ جمہوری اور اسلامی آئین دیا،چوہدری لطیف اکبر

جمعرات 10 اپریل 2025 23:03

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ 10 اپریل وہ تاریخ ساز دن ہے جب قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مملکت خداد پاکستان کو پہلا متفقہ جمہوری اور اسلامی آئین دیا اور آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اس آئین کی بالادستی کے عزم پر قائم ہے ۔

یوم دستور پر اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے جمہوریت کی بالادستی،قانون کی حکمرانی اور متفقہ آئین دینے میں بنیادی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ قائد عوام کا ویژن تھا کہ انہوں نے ملک دو لخت ہونے کے بعد نہ صرف قوم کے مورال کو بلند کیا،بھارت سے 90 ہزار قیدی واپس لائے بلکہ ملک میں عام انتخابات کے ذریعے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم کر کے جو پہلا اور بنیادی کام کیا وہ اس ملک کو ایک متفقہ دستور دینا تھا جس پر انہوں نے ملک کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین کو اکٹھا کیا اور یہ دن اس لحاظ سے تاریخ ساز تھا کہ پاکستانی قوم کو پہلی بار جمہوری دور حکومت میں ایک متفقہ آئین ملا جو آج تک ملک و قوم کو یکجا کئے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کے تاریخ ساز ویژن کی بدولت قوم یکجا ہوئی اور ملک جمہوریت کی راہ پر گامزن ہوا۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو گا اور یہ ہو کر رہے گا۔