میٹرک امتحانات ،مطالعہ پاکستان کے پرچے میں بھٹو سے متعلق سوال متنازع بن گیا

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں توجہ دلاو نوٹس جمع کرا دیا

ہفتہ 12 اپریل 2025 22:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء)پشاور میں جاری میٹرک امتحانات کے دوران مطالعہ پاکستان کے پرچے میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کی تعلیمی پالیسی سے متعلق متنازع سوال کے خلاف پیپلز پارٹی میدان میں آگئی ،پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں توجہ دلاو نوٹس جمع کرا دیا،نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے تعلیمی ایمرجنسی کا نعرہ لگاتے ہوئے یکساں نظام تعلیم کے نفاذ کا دعوی کیا تھا، مگر اب تعصب اور نفرت پر مبنی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے،نوٹس کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی تعلیمی اصلاحات پاکستان کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیوں کا آغاز تھیں، مطالعہ پاکستان کے پرچے میں طلبہ سے ذوالفقار علی بھٹو کی تعلیمی پالیسی کی ناکامی کی چار وجوہات لکھنے کا کہا گیا جس پر پیپلز پارٹی نے شدید ردعمل دیا ہے۔