اقوام متحدہ او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی ظالم اسرائیل کا ساتھ دے رہی ہیں،ثروت اعجاز قادری

اسرائیل نے امن معاہدے کی آڑ میں ہزاروں فلسطینی مرد بچے خواتین کو شہید کر دیا ہے،صدر پاکستان سنی تحریک

اتوار 13 اپریل 2025 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء) تمام مسلم ممالک کا اتحاد ہی اسرائیل کی دہشتگردی کو روک سکتا ہے۔اسرائیل کے ظلم و زیادتی کے خلاف پوری دنیا اس وقت سراپا احتجاج ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو اپنی خاموشی توڑنا ہوگی اسرائیل کا مظلوم فلسطینیوں پر اٹھنے والے ہاتھ کو روکنا ہوگا۔

اقوام متحدہ او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی ظالم اسرائیل کا ساتھ دے رہی ہیں۔او ائی سی کا معاہدہ اور جو آئین ہے اس کے تحت کہیں بھی مسلمانوں پر حملہ ہوگا تمام مسلم ممالک کی فوج مل کر لڑے گی۔جس طرح سعودیہ میں مکہ شریف اور مدینہ شریف پر حملے کا خطرہ تھا تو پاکستان اور پوری دنیا کے مسلمان ممالک جو او آئی سی کے ممبر ہیں سب سے فوج لی گئی تھی۔

(جاری ہے)

او ائی سی فوری طور پر فتوے کی روشنی میں مسلمان ممالک کی فوج کو فوری غزہ بھیجیں۔یہ سب باتیں او آئی سی کے آئین میں درج ہیں۔پوری امت مسلمہ او آئی سی سے مطالبہ کرتی ہے کہ جس طرح سعودی عرب میں فوج جمع کی جس کا سربراہ راحیل شریف انہی کی قیادت میں فوری طور پر فلسطینیوں کی امداد کے لیے فوج بھیجی جائے اور مصر اپنا بارڈر فوری طور پر کھول دے۔

عرب ممالک سمیت تمام دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کا تحفظ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔جنگ کا اصول ہے پناہ گزیروں کے کیمپ خواتین بچے اسپتال اسکولوں پر حملے نہیں کیے جاتے ہیں مگر اسرائیل نے امن معاہدے کی آڑ میں ہزاروں فلسطینی مرد بچے خواتین کو شہید کر دیا ہے۔اسرائیل انسانی حقوق کی کھلی پامالی کر رہا ہے۔اقوام متحدہ صرف قراردادیں پاس کر سکتا ہے اس پر کوئی عمل درآمد کرانا اقوام متحدہ کے بس کی بات نظر نہیں آرہی ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک علامہ بلال سلیم قادری شامی کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے دنیا میں رہنے والے ہر شخص کا ضمیر مردہ ہو چکا ہے۔عالمی طاقتیں اسرائیل کو روکنے کے لیے اپنا کردار کیوں ادا نہیں کر رہی ہیں۔اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملوں کی وجہ سے غزہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔غزہ واپس آنے والے مظلوموں کو روکنے کے لیے اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے۔

صیہونی اور امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے سے بھی ہم تھوڑی بہت اپنے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کر سکتے ہیں۔اسرائیل کی کھلی دہشتگردی سے ایسا لگ رہا ہے جیسے مسلمانوں کے خلاف کی جانے والی سازشوں پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔اپنی کھوئی ہوئی طاقت اور مقام کو واپس لینے کے لیے تمام مسلمانوں کو آگے آنا ہوگا۔اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم کے خلاف آج دوسرے مذاہب بھی احتجاج کر رہے ہیں۔