Live Updates

عمران خان سے اڈیالہ جیل میں پاکستانی نژاد امریکی شخص کی اہم ملاقاتوں کا انکشاف

بانی پی ٹی آئی نے گزشتہ سال نومبر میں ایک ایسے شخص سے طویل بات چیت کی تھی جو اب اعلیٰ حکام کے ساتھ حالیہ اہم بات چیت کا حصہ ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 14 اپریل 2025 14:20

عمران خان سے اڈیالہ جیل میں پاکستانی نژاد امریکی شخص کی اہم ملاقاتوں ..
لندن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل 2025)بانی پی ٹی آئی عمران خان سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستانی نژاد امریکی شخص کی اہم ملاقاتوں کا انکشاف ہوا ہے، یہ مذاکرات بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی ، پی ٹی آئی اور طاقتور حکام کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ممکنہ طریقے تلاش کرنے کے بارے میں ہیں، اخبار دی نیوز کے نمائندے نے موقر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ سال نومبر میں ایک ایسے شخص سے طویل بات چیت کی تھی جو اب اعلیٰ حکام کے ساتھ حالیہ اہم بات چیت کا حصہ ہیں۔

امریکی پاکستانیوں کے ایک گروپ کے گزشتہ ماہ (مارچ) کے تیسرے ہفتے میںبانی پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات سے بہت پہلے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور ایک ایسے شخص کے درمیان بات چیت کے کئی سیشنز منعقد ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

یہ شخص اب حالیہ مذاکرات اور بات چیت کا حصہ بھی ہے۔اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنے والے امریکی پاکستانی افراد دو دہائیوں سے عمران خان کے ذاتی دوست اور انہیں عطیات دیتے رہے ہیں۔

جب عمران خان وزیراعظم تھے تب بھی ملاقات کیلئے آتے رہتے تھے اور امریکہ سے پاکستان آنے والے وفد کو جوڑنے میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور طاقتور پاکستانی انتظامیہ کے درمیان تعطل کو ختم کرنے کیلئے جو کوششیں ہو رہی ہیں ان میں فوڈ اور ریئل سٹیٹ کی امریکی پاکستانی شخصیت تنویر احمد، تحریک انصاف امریکہ چیپٹر کے سینئر رہنما عاطف خان، سردار عبدالسمیع، ڈاکٹر عثمان ملک، ڈاکٹر سائرہ بلال اور ڈاکٹر محمد منیر شامل ہیں۔

ان دو ملاقاتوں کے دوران جو کچھ ہوا ان کے متعلق معتبر ذرائع نے دلچسپ معلومات شیئر کی ہیں۔ گزشتہ سال امریکی پاکستانیوں کے ساتھ نومبر میں ہوئی ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت اورسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مفاہمت کی ضرورت کو سمجھا اور معاملات کے حل کیلئے تقریباً حامی ظاہر کی تھی تاہم بعد میں بانی پی ٹی آئی کو خیبرپختونخواہ کے پارٹی اراکین کی جانب سے یقین دلایا گیا کہ لاکھوں لوگ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرینگے اور اس لانگ مارچ میں شامل ہوں گے جس سے اس قدر افراتفری پیدا ہوگی کہ نظام کو فیصلہ کن مذاکرات کی طرف لایا جا سکے گا۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا ہ کے 3 سینئر رہنماوں نے عمران خان کو یقین دلایا کہ لاکھوں لوگ اسلام آباد پر دھاوا بول دیں گے اور پاکستان تحریک انصاف کی شرائط پر عمران خان کو رہا کرایا جائے گا۔ اس وقت بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اس پورے منظرنامے میں شامل نہیں تھیں اور ان کی شمولیت کے حوالے سے بھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان اس مارچ کی کامیابی کیلئے اس قدر پرامید تھے کہ انہوں نے امریکی پاکستانیوں کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات