سیالکوٹ میں آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات ،کھیلوں کے سامان اور میوزیکل انسٹرومنٹ بین الاقوامی معیار کی تیار کی جاتی ہیں، ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ محمد ذوالقرنین

منگل 15 اپریل 2025 17:01

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات ،کھیلوں کے سامان اور میوزیکل انسٹرومنٹ سمیت دیگر مصنوعات بین الاقوامی معیار کی تیار کی جاتی ہیں۔ ان مصنوعات کی دنیا بھر میں مانگ ہے، ضلع سیالکوٹ میں 8 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے صنعتی یونٹس کام کررہے ہیں جہاں پر تیار ہونے والی تمام مصنوعات کو بیرون ملک ایکسپورٹ کردیا جاتا ہے ، جس کے بدلے میں سالانہ 3 بلین ڈالر سے زائد کا قیمتی زر مبادلہ موصول ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سیالکوٹ کے باسی ملک کے دیگر شہروں کی نسبت زیادہ خوشحال ہیں اور یہاں کی فی کس آمدن بھی سب سے زیادہ ہے، جغرافیائی اعتبار سے سیالکوٹ سرحدی شہر ہے جس کے ساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر کی طویل ورکنگ باؤنڈری ہے جبکہ سیالکوٹ ، گوجرانوالہ اور گجرات پاکستان کی انڈسٹریل ٹرائی اینگل ہے جو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، اسلام آباد کی زیر نگرانی 37 ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں زیر تربیتی افسران کے 18 رکنی وفد کو ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ضلع سیالکوٹ کی انتظامی، تاریخی، جغرافیائی،سیاسی، سماجی، معاشی اور اقتصادی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ ڈی ایس /سی آئی نینشل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد سمرین زہرہ اور فوزیہ آفتاب کی زیر سربراہی وفد میں کوآرڈینیٹر شاہ نواز خان(پی اے اینڈ اے ایس)، زہرہ عمر(ای جی)، انصر انیس(پی سی ایس)، سنی اعظم خان( ایس جی)، شاہسوار فریال( ایس ایس)، سہیل احمد ( ایس جی)، سید فرخ محبوب( ایس جی)، عرفان نواز میمن( پی اے ایس),طاہر حبیب چیمہ(پی اے ایس )، ملک بابر جاوید (پی جی)، قدیر اللہ (آئی آر ایس)، محمد عارف تحسین (ایس جی)، سلطان محمد نواز ناصر(آئی آر ایس)، عباس سرور قریشی (ایف ایس پی)، عابد سعید (ایس جی)، ظاہر شاہ (نیب)، اشفاق احمد (نیپا), نثار علی (نیپا) کے علاؤہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا کہ سیالکوٹ کے ہنر مندوں کی ہنر مندی کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے جن کے ہاتھوں سے بنی ہوئی اشیاء کی الگ پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی مٹی نے مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال، فیض احمد فیض ،ظہیر عباس، ظفر علی خان، امجد اسلام امجداور کلدیپ نیئر جیسے سپوتوں اور مشاہیر کو جنم دیا۔ جنگ ستمبر چونڈہ کے محاذ پر پاک بھارت کے مابین دنیا کی سب سے بڑی ٹینکوں کی جنگ ہوئی جس میں پاک فوج کے شانہ بشانہ جنگ کرتے ہوئے سیالکوٹ کے بہادر شہریوں نے دشمن کو شکست فاش سے دو چار کیا اور اس کے بدولت ہی سیالکوٹ ہلال استقلال کا اعزاز حاصل کیا۔

سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کو اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پورٹ، ڈرائی پورٹ اور ائر لائن بنانے کا اعزاز حاصل ہے اور یہ منصوبے نجی شعبہ میں کامیابی سے چل رہے ہیں ۔ سیالکوٹ بزنس کمیونٹی نے پبلک پرائیویٹ پراجیکٹ کے تحت 25 سال قبل سیالکوٹ کی سڑکوں ، سیوریج اور سیوریج نالوں کی تعمیر کا کامیاب پراجیکٹ کیا جس کی ملک کے کسی اور شہر میں نظیر نہیں ملتی۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ سیالکوٹ کی اہم اور افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاق اور صوبے کی زیر نگرانی اربوں روپے کی لاگت سے درجنوں میگا پراجیکٹ پر کام جاری ہے، پبلک سیکٹر یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی اور گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹیز کے کیمپسز زیر تعمیر ہیں اور ایک پبلک سیکٹر میڈیکل کالج بھی کام کررہا ہے جبکہ نجی شعبہ میں 3 میڈیکل کالج اور 3 یونیورسٹیز بھی موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے وفد میں شریک افسران کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے جبکہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر کو این آئی ایم کی جانب سے سوونیئر پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔