ٹرمپ نے قانونی دستاویز نہ رکھنے والے امیگرینٹس کیخلاف نئے ایگزیکٹوآرڈرپر دستخظ کر دئیے

امریکی صدر نے غیر قانونی تارکین وطن کیلئے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت جو افراد رضاکارانہ طور پر امریکہ چھوڑیں گے انہیں نقد رقم اور واپسی کا ہوائی ٹکٹ فراہم کیا جائے گا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 16 اپریل 2025 11:03

ٹرمپ نے قانونی دستاویز نہ رکھنے والے امیگرینٹس کیخلاف نئے ایگزیکٹوآرڈرپر ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل 2025)امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے قانونی دستاویز نہ رکھنے والے امیگرینٹس کیخلاف نئے ایگزیکٹوآرڈرپر دستخظ کر دئیے، قانونی دستاویز نہ رکھنے والے امیگرینٹس سوشل سکیورٹی ایکٹ کے تحت فوائد حاصل نہیں کرسکیں گے،ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کیلئے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت جو افراد رضاکارانہ طور پر امریکہ چھوڑیں گے انہیں نقد رقم اور واپسی کا ہوائی ٹکٹ فراہم کیا جائے گا۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر یہ افراد ”اچھے شہری“ ثابت ہوں تو انہیں قانونی طریقے سے دوبارہ امریکہ آنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔فاکس نوٹیسیاس کو دئیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہاہم انہیں کچھ رقم دیں گے۔ ہوائی ٹکٹ دیں گے اور پھر اگر وہ اچھے ہوں اور ہمیں ان کی ضرورت ہو، تو ہم انہیں جلد از جلد واپس بلائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ ٹرمپ کی ماضی کی سخت امیگریشن پالیسی سے قدرے مختلف ہے جہاں وہ غیر قانونی تارکین وطن کی جبری ملک بدری کی بات کرتے تھے۔

اس بار ان کا زور رضاکارانہ واپسی اور بعد ازاں قانونی طور پر دوبارہ داخلے پر ہے۔دوسری جانب وائٹ ہاو¿س کاکہنا ہے کہ بعض ایسے ورکر جن کے پاس دستاویز نہیں وہ جعلی سوشل سکیورٹی نمبر کے ذریعے نوکریاں حاصل کر لیتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ کے محکمہ حکومتی استعداد کار نے غیرقانونی امیگرینٹس کو گھروں اور نوکریوں سے بے دخل کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے لوگوں کا ذاتی ڈیٹا جمع کرنا شروع کردیا ہے۔

ذاتی ڈیٹا عام طور پر محفوظ تصور کیا جاتا ہے تاہم اب اس بات کی معلومات جمع کی جارہی ہیں کہ لوگ کہاں ملازمت اور تعلیم حاصل کرتے ہیں اور ان کی رہائش کہاں ہے؟۔یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔امریکی صدر نے وائٹ ہاوس میںمنعقدہ تقریب میں یوم آزادی کے موقع پر یورپی یونین اور 46 ممالک پر نئے تجارتی محصولات کے نفاذ کا اعلان کیاتھا۔

امریکی صدر نے پاکستان پر 29 فیصد جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان کیاتھا۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان ہم سے 58 فیصد ٹیرف چارج کرتا تھا۔ امریکہ بھارت پر 26، چین پر 34، یورپی یونین پر 20 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔ سعودی عرب، قطر اور افغانستان پر دس، دس فیصد ٹیرف عائد ہو گا۔اس کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کایہ بھی کہنا تھا کہ بنگلا دیش پر37، جاپان پر 24، اسرائیل پر 17 اور برطانیہ پر 10 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔

گاڑیوں کی درآمد پر 25 فیصد اضافی ٹیکس عائد کریں گے۔امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں جوابی ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے تھے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا تھاکہ جوابی ٹیرف کا نفاذ امریکا کیلئے اچھا ہوگا۔ ان کامزید کہنا تھا کہ یہ دن امریکی تاریخ کے اہم دنوں میں سے ایک تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان اقدامات کے ذریعے امریکہ ایک نئے سنہری دور کا آغاز کرے گا اور اب وقت آگیا تھا کہ امریکہ کو اقتصادی طور پر خوشحال بنایا جائے۔ڈونلڈٹرمپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کا کہنا تھاکہ آج ہماری اقتصادی آزادی کا دن تھا۔ ٹیرف سے حاصل رقم اپنے قرضوں کی ادائیگی کیلئے استعمال کریں گے۔