جی ڈی اے نے عمرکوٹ میں ضمنی انتخابات میں دھاندلی زدہ رزلٹ کو مسترد کردیا

لالچند مالہی نے الیکشن کمیشن اور دیگر اعلی حکام تک جن خدشات کا اظہار کیا تھا ، وہ تمام درست ثابت ہوئے ،ڈاکٹرصفدرعباسی

جمعرات 17 اپریل 2025 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے عمرکوٹ میں ضمنی انتخابات میں دھاندلی زدہ رزلٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ عمرکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں سندھ حکومت اور زرداری لیگ نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔ اپنے جاری کردہ پریس بیان میں انہوں نے کہاکہ پہلے دن سے ہمارے امیدوار لالچند مالہی نے پریس کانفرنس کے ذریعے سے الیکشن کمیشن اور دیگر اعلی حکام تک جن خدشات کا اظہار کیا تھا ، وہ تمام درست ثابت ہوئے ۔

پولیس اور مقامی انتظامیہ کو وزیر اعلی اور دیگر با اثر رہنمائوں نے زرداری لیگ کو جتوانے کا ٹاسک دیا تھا جو انہوں نے پورا کر کے دکھایا پولنگ اسٹیشنوں کے اندر مسلح افراد بیلٹ باکس اٹھا کر لے گئے اور پولیس ان جعلی ٹھپہ مار چیئرمینز ، وائیس چیئرمینز کائونسلروں اور پارٹی عہدیداروں کے سامنے تعینات عملہ بے بس تھا، انہوں نے مزید کہا کہ عمرکوٹ کی عوام نے دریائے سندھ بچایو تحریک کے امیدوار لالچند مالہی کو فارم 45 کے تحت کامیاب کرا دیا ہے ، اور دریائے سندھ پر نئی کینالز بنانے اور سندھ میں غیر قانونی زمینیں الاٹمنٹ کے حامی حکمران جماعت پیپلز پارٹی کو عوام نے مسترد کردیا ، ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے مزید کہا کہ فارم 47 کا طوق ایک دفعہ پھر پیپلز پارٹی کے گلے میں ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی الیکشن کمیشن کا کردار بھی وہی پرانا رہا ، لحاظہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان ، وفاقی الیکشن کمیشن اور تمام متعلقہ اداروں کو بدترین دھاندھلی کا نوٹیس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں ، سندھ کی عوام ان نتائج کو کسی بھی صورت قبول نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمرکوٹ میں ضمنی انتخابات میں یہ جعلی مینڈیٹ سندھ بھر میں بھیانک نتائج کا حامل ہوگا