یکجہتی فلسطین کے لئے 26 اپریل کو پورے ملک میں ایک دِن ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی‘ لیاقت بلوچ

پریل کو اسلام آباد میں اسرائیلی صیہونی مظالم کے خلاف ،فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے تاریخ سازغزہ مارچ ہوگا

جمعہ 18 اپریل 2025 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی یکجہتی فلسطین کے لیے ملک گیر ہڑتال کی کال پر ملک بھر کی تاجر برادری سے اتفاقِ رائے ہوگیا ہے کہ 26 اپریل کو پورے ملک میں ایک دِن ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی۔ 20 اپریل کو اسلام آباد میں اسرائیلی صیہونی مظالم کے خلاف اور مظلوم بہادر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تاریخ ساز، فقیدالمثال غزہ مارچ ہوگا۔

حکومتِ پاکستان فلسطین کے مسئلہ پر بزدلی، بے حِسی اور مجرمانہ غفلت ترک کرے اور سفارتی، اقتصادی، عسکری محاذوں پر فعالیت کے لیے اہم ترین مسلم ممالک سے مِل کر لائحہ عمل بنانے کی سرگرمی پیدا کرے، وگرنہ پاکستان کے عوام غزہ مارچ، ملک گیر ہڑتال، فلسطین مارچ کے بعد حکومت کی بیحِسی اور بزدلی کے خلاف فیصلہ کن اقدام کریں گے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے لاہور میں مِلی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما پیر ہارون گیلانی سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے مضبوط ہوتے تعلقات پوری امت کے لیے خیر اور اطمینان کا پیغام ہیں۔

اِسی طرح پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش دو قالب یک جان ہیں۔ اِس موقع پر اتفاق رائے پایا گیا کہ ہدیالہادی کی میزبانی میں 21 اپریل کو درگاہ میاں میر پر قومی قیادت سے رابطوں کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔لیاقت بلوچ نے لاہور میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر پوری قوم کو تشویش ہے۔

حالات کی خرابی کے بیشمار اسباب ہیں لیکن اعتماد کی بحالی کے لیے لاپتہ افراد کی بازیابی، بلوچستان کی قید خواتین کی رہائی اور بلوچستان کے مسائل کا عسکری نہیں سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا۔بلوچستان کے نوجوان، طلبہ و طالبات وقتی حالات سے مایوس ہونے کی بجائے اپنا مستقبل محفوظ کرنے کے لیے پرامن سیاسی جمہوری مزاحمت کے راستہ پر قائم رہیں۔

بلوچستان کی معدنیات اور وسائل پر صوبے کے عوام کا پہلا حق ہے۔ بلوچستان کا حق بلوچستان کو دیا جائے۔ تیل کی قیمتوں میں کمی پوری قوم کا حق ہے۔ بجلی، تیل، گیس سستی ہوگی تو قومی معیشت کا پہیہ چلے گا۔ لیاقت بلوچ نے بلوچستان نکے نوجوانون، طلبہ و طالبات کو یقین دِلایا کہ پنجاب میں ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے جماعتِ اسلامی اپنا دینی قومی کردار ادا کرے گی۔

لیاقت بلوچ نے کِسان بورڈ اور کِسان اتحاد کے وفود سے ملاقات میں کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں زراعت اور گندم کے کاشت کاروں کو تباہ کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔ پنجاب حکومت کے گذشتہ ایک سال کے نمائشی اقدامات سے زراعت اور کِسانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہورہا۔ گندم کے کاشت کار کو تباہی سے بچاکر ہی قومی معیشت کا پہیہ رواں دواں ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کِسان وفود کو یقین دِلایا کہ جماعتِ اسلامی زراعت اور کِسانوں کے بچا کے لیے ہر دم کسانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

کِسان/ہاری اپنے اتحاد کی طاقت سے اپنے آپ کو بچائیں، یہ قومی فرض بھی ہے۔ امیر جماعتِ اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پنجاب بھر میں کِسان احتجاج کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ کِِسانوں سے مِل کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔