چیئرمین تحریک جوان پاکستان محمد عبداللہ گل کی بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ کے بیان کی شدید مذمت

اتوار 20 اپریل 2025 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) چیئرمین تحریک جوان پاکستان محمد عبداللہ گل نے بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے اپنے خطاب کے دوران اورنگزیب عالمگیر کے مزار کو مسمار کرنے کا ذکر کیا۔ عبداللہ گل نے کہا کہ جو ممالک خود کو سیکولر کہلاتے ہیں، ان کی نیتوں نے دنیا کو بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی جان و مال کے سنگین خطرات سے آگاہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندو پہلے ہی بابری مسجد کو شہید کر چکے ہیں اور اب وہ اورنگزیب کے مزار کو بھی مسمار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اب کسی بھی اقلیت، خصوصاً مسلمانوں کی جان، عزت اور مال محفوظ نہیں رہا۔ اگر مہاراشٹرا حکومت نے اپنی نیت نہ بدلی تو بھارت میں بڑے پیمانے پر ہندو مسلم فسادات پھوٹ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

عبداللہ گل نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی کہ مغل بادشاہ کے وارث شہزادہ حبیب الدین تُوسی کی اقوام متحدہ میں کی گئی اپیل پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور جلد فیصلہ سنایا جائے تاکہ بھارتی حکومت کو مزار مسمار کرنے سے روکا جا سکے۔

انہوں نے امریکی محکمہ خارجہ سے بھی اپیل کی کہ بھارت اور مسلمانوں کے تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔