Live Updates

’ہمیں دور ہی روک لیا گیا تاکہ بہانہ بنا سکیں کہ ہم جیل پہنچے ہی نہیں‘ علیمہ خان پیدل اڈیالہ روانہ

ہمیں جس پولیس نے روکا ہے اس کا جیل سے کوئی تعلق نہیں، میں کہہ رہی ہوں مجھے نہ سہی تو باقی دو بہنوں کو ہی ملنے کی اجازت دے دیں؛ عمران خان کی ہمشیرہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 اپریل 2025 15:26

’ہمیں دور ہی روک لیا گیا تاکہ بہانہ بنا سکیں کہ ہم جیل پہنچے ہی نہیں‘ ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمیں دور ہی روک لیا گیا تاکہ اڈیالہ جیل حکام یہ بہانہ بنا سکیں کہ ہم جیل پہنچے ہی نہیں، یہ جہاں بھی ہمیں روکیں گے، ہم وہیں بیٹھ جائیں گے، چاہے دھوپ میں بھی بیٹھنا پڑے تو ہم بیٹھیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات سپریم کورٹ کے حکم پر کروا دی گئی ہے لیکن ہمیں روک لیا گیا ہے تاکہ اڈیالہ جیل حکام بہانہ بنا سکیں کہ ہم جیل پہنچے ہی نہیں، ہمیں ڈیڑھ کلومیٹر دور پولیس نے ناکہ لگا کر روکا ہے، یہ اڈیالہ کی پولیس ہی نہیں ہے، اتنی دور روکنے کا مقصد ہے بہانہ بنانا ہے کہ جیل ملنے آیا ہی کوئی نہیں، ہمیں جس پولیس نے روکا ہے اس کا جیل سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو آئسولیٹ کر رہے ہیں، عمران خان کو بلکل انہوں نے کو قیدِ تنہائی میں ڈال دیا ہے اور ساری ملاقاتیں بند کردی ہیں، گزشتہ روز بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے 35 منٹ ملاقات ہوئی، عمران خان نے ہم فیملی کے لیے پیغام بیجھا تھا جو ہمیں موصول ہو گیا ہے، میں کہہ رہی ہوں مجھے نہ سہی تو باقی دو بہنوں کو ہی ملنے کی اجازت دے دیں، فکر نہ کریں جب عمران خان مسیج دے گا تو ان کے ذہن مجھ سے زیادہ تیز ہیں، انہیں سب یاد رہتا ہے۔

دوسری طرف سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے بھی عدالتی حکم کے باوجود سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہ کرائے جانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی جب کہ اسی حوالے سے پہلے سے دائر علیمہ خان، شبلی فراز اور عمر ایوب خان کی توہینِ عدالت کی درخواستیں تاحال سماعت کیلئے مقرر نہیں ہو سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات