نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں سپرنگ فیسٹیول کا آغاز

منگل 22 اپریل 2025 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں سپرنگ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کا آغاز منگل کو ہو گیا ۔ تقریب طلباء، فیکلٹی اور بین الاقوامی معزز مہمانوں کو ایک ساتھ لے آئی جو تنوع، ہم آہنگی اور عالمی دوستی کا جشن تھا۔نمل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مختلف ممالک کے سفیروں، ثقافتی اتاشیوں اور سفارتی نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی اور پاکستان کے بھرپور اور متنوع ثقافتی ورثے کا دلکش مظاہرہ دیکھا۔

خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان، ہزارہ، سرائیکی ریجن، سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے روایتی پرفارمنسز نے ایک شاندار ثقافتی منظرنامہ پیش کیا، جس نے بین الاقوامی مہمانوں کو مسحور کر دیا۔تقریب میں تمام سفیروں نے کشمیری طلباء کی ثقافتی پریڈ کے دوران ان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا، ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی اظہار کو سفیروں نے نہایت سراہا جو امن، مزاحمت اور کشمیری ثقافتی شناخت کے ساتھ ہمدردی اور حمایت کا طاقتور پیغام تھا۔

(جاری ہے)

ریکٹر نمل میجر جنرل شاہد محمود کیانی (ر) نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ثقافتی تبادلے اور باہمی احترام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول صرف بہار کا جشن نہیں بلکہ ہماری مشترکہ انسانیت کو خراج تحسین ہے، نمل میں ہم یقین رکھتے ہیں کہ ثقافتی فہم اختلافات کو کم کرتی ہے، امن کو فروغ دیتی ہے اور پائیدار عالمی روابط قائم کرتی ہے۔

انہوں نے نمل کو بین الثقافتی رابطوں کا مرکز قرار دیا اور طلباء کو ایک دوسرے کی روایات اور اقدار سے سیکھنے کی ترغیب دی۔تقریب کو عالمی رنگ دینے کے لئے 15 سے زائد بین الاقوامی ثقافتی سٹالز لگائے گئے جن میں چین، ایران، ترکیہ، فلسطین، انڈونیشیا، یورپی یونین، جرمنی، سعودی عرب اور دیگر ممالک کی ثقافت، روایتی لباس، دستکاری اور کھانے پیش کئے گئے۔

وزیٹرز نے مختلف ممالک کی رنگا رنگ ثقافت، ذائقوں اور ہنر سے لطف اٹھایا۔ریکٹر نمل نے معزز مہمانوں کے ہمراہ سٹالز کا دورہ کیا اور طلباء کی تخلیقی کوششوں اور بین الثقافتی مکالمے کو فروغ دینے کے عزم کو سراہا۔نمل میں سپرنگ فیسٹیول جمعہ تک جاری رہے گا جس میں مزید ثقافتی سرگرمیاں، پرفارمنسز اور انٹرایکٹو سیشنز شامل ہوں گے جو دیرپا یادیں اور گہرے تعلقات قائم کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔