پیپلز پارٹی ،(ن) لیگ کی اتحادی جماعت ضرور ہے مگر خاموش تماشائی نہیں بنے گی‘سردار سلیم حیدر خان

صوبے کے عوام کی ترقی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر آواز بلند کرتا رہوں گا‘گورنر پنجاب کی وفد سے گفتگو ڈسٹرکٹ اوکاڑہ سے مسلم لیگ (ن) کے ورکروں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت

منگل 22 اپریل 2025 23:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی (ن) لیگ کی اتحادی جماعت ضرور ہے لیکن خاموش تماشائی نہیں بنے گی،صوبے کے عوام کی ترقی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر آواز بلند کرتا رہوں گا۔یہ بات اُنہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ڈسٹرکٹ اوکاڑہ سے مسلم لیگ (ن) کے ورکروں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اور گورنر ہائوس میں آ ئے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے مسلم لیگی ورکروں کو خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پیپلز پارٹی صوبے میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں بھرپور حصہ لے گی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی عوام پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی مخالفین کو ٹف ٹائم دے گی۔گورنر پنجاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ پی پی 52 کا الیکشن پیپلز پارٹی کے ریوائیول کا سبب بنے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ ہماری تاجر برادری،کاشتکار،مزدور اور نوجوان نسل جوک در جوک پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو جلد پی پی 52 کے انتخابات میں پارٹی رہنماں کو گائیڈ لائن دینگے۔اُنہوں نے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان الیکشن کی بھرپور تیاری کر یں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جب تک گورنر ہائوس میں موجود ہو ں پارٹی کارکن اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ پیپلزپارٹی کسانوں ،کاشتکاروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔