وزیراعظم شہبازشریف صدر اردوان کی دعوت پر2 روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

منگل 22 اپریل 2025 23:23

وزیراعظم شہبازشریف صدر اردوان کی دعوت پر2 روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے
انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انقرہ ایئرپورٹ پر ترک وزیر دفاع نے شہبازشریف کا استقبال کیا، جبکہ ڈپٹی گورنر، پاک ترک کلچرل ایسوسی ایشن اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔میڈیارپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ ترکیہ کا دورہ کرنے والے وفد میں وزیر خارجہ اسحق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور خطے اور اس سے باہر کی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔دیرینہ اتحادیوں اور اسٹریٹجک شراکت داروں کی حیثیت سے پاکستان اور ترکیہ باقاعدگی سے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے غیر معمولی رشتوں کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تعاون اور کوآرڈینیشن کے لیے اعلی سطح کی اسٹریٹجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کی شکل میں قیادت کی سطح کا ادارہ جاتی میکانزم بھی موجود ہے۔ایچ ایل ایس سی سی کا ساتواں اجلاس 12 اور 13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت صدر اردوان اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کی تھی۔آئندہ اجلاس اس مضبوط مکالمے کے تسلسل کی نمائندگی کرتا ہے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔