تاجر عالم خان اور یوسی چیئرمین عامر بھٹو کا قتل اسٹریٹ کرائم میں کمی آنے کے دعوے کی سراسر نفی ہے، کاشف سعید شیخ

منگل 22 اپریل 2025 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ گلشن حدید میں ڈاکووں کے ہاتھوں تاجر عالم خان اور اورنگی مین یوسی چیئرمین عامر بھٹو کا قتل آئی جی سندھ کی جانب سے کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں کمی آنے کے دعوے کی سراسر نفی ہے، صورتحال یہ ہے کہ شہری اپنے گھروں، دکانوں اورگلی محلوں میں بھی محفوظ نہیں رہے حتیٰ کہ مساجد مین ڈکیتی کی وارداتین پولیس اور سندھ حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ کراچی تا کشمور پورا صوبہ ڈاکووں کے رحم وکرم پر ہے کچے کے ڈاکو وں کو پکے کے ڈاکووں کی مکمل سرپرستی اور سہولتکاری حاصل ہے۔جماعت اسلامی نے اس اہم مسئلے پر اے پی سی، سیمینار، دھرنے اور احتجاج کیا ہے مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگتی جو کہ بے حسی کی انتہا ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال کے کراچی میں تقریباً ایک سو لوگ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کردیئے گئے جبکہ روزانہ سیکڑوں لوگ اپنے موبائل، گاڑیوں ،رقم اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم کئے جارہے ہین مگر پھر بھی آئی جی سندھ پولیس کو ’’سب کچھ ٹھیک اور اسٹریٹ کرائم میں کمی‘‘کے دعوے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔علاقائی سطح پر اچھے اور ایماندار افسران اگر تعینات کیے جائیں تو اسٹریٹ کرائم سمیت شہر قائد سے ہر قسم کے جرائم کا نشان مٹ جائے گا۔مگر سفارشی کلچر کی وجہ سے سب کچھ ہاتھ سے نکلتا جارہا ہے۔شہر کی سڑکوں پر دندناتے ہوئے اسٹریٹ کرمنل عوام کو تو نظر آرہے ہیں مگر کرائم کو کنٹرول کرنے والوں کو یہ کرمنل نظر نہیں آرہے۔