ّپیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی اتحادی ہے لیکن خاموش تماشائی نہیں بنے گی: سردار سلیم حیدر

&سیالکوٹ پی پی 52 کا الیکشن پیپلز پارٹی کی بحالی کا باعث بنے گا، گورنر پنجاب کی وفود سے گفتگو

منگل 22 اپریل 2025 21:20

Kلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی اتحادی ہے لیکن خاموش تماشائی نہیں بنے گی۔ صوبے کے عوام کی ترقی اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے آواز اٹھاتا رہوں گا۔ یہ بات انہوں نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ڈسٹرکٹ اوکاڑہ سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اور گورنر ہاؤس میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شمولیت سے صوبے میں پیپلز پارٹی مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے عوام پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں مخالفین کو ٹف ٹائم دے گی۔ گورنر پنجاب نے امید ظاہر کی کہ سیالکوٹ پی پی 52 کا الیکشن پیپلز پارٹی کی بحالی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑی خوشی کی بات ہے کہ ہماری تاجر برادری، کسان، مزدور اور نوجوان نسل پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو جلد پی پی 52 کے انتخابات میں پارٹی رہنماؤں کو گائیڈ لائن دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جب تک گورنر ایوان میں موجود ہیں پارٹی کارکن خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کسانوں اور کاشتکاروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔