سرکاری عازمین حج کو شیڈول کے مطابق لازمی ویکسی نیشن کرواکر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدا یت

بدھ 23 اپریل 2025 18:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) وزارت مذہبی امور کی جانب سے سرکاری عازمین حج کو شیڈول کے مطابق لازمی ویکسی نیشن (پولیو،گردن توڑبخار، انفلوئنزا)کرواکر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ سرکاری عازمین حج اپنی پرواز سے 10روز قبل صبح 9سے شام5 بجے تک متعلقہ حاجی کیمپ سے لازمی ویکسی نیشن کرواکر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ (پیلا کارڈ)حاصل کریں جبکہ 65سال سے زائدعمر کے ایسے عازمین حج جو پہلے سے کورونا ویکسی نیشن کے حامل نہیں ہیں وہ متعلقہ حاجی کیمپ سے کوروناسے بچاؤ کی ویکسین لگوا کر ویکسین کارڈ حاصل کریں۔

حج ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان کے مطابق مستقل حاجی کیمپ جن میں اسلام آباد، کراچی،لاہور،پشاور،کوئٹہ،ملتان،سکھرشامل ہیں پہلی پرواز سے 10روز قبل سے لے کر آخری حج پرواز تک ہفتے کے 7دن کھلے رہیں گے اسی طرح عارضی حاجی کیمپ جن میں فیصل آباد، حیدر آباد،سیالکوٹ اور رحیم یار خان شامل ہیں یہ چند مخصوص دنوں کیلئے کھلیں گے جس کی اطلاع حج موبائل ایپ پر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پرانے امراض کے حامل عازمین حج اپنی روز مرہ استعمال کی ادویات جن کی تعداد حج کے دورانیے کے مطابق ہو بمعہ ڈاکٹری نسخہ حاجی کیمپ کے عملہ سے پیک کروائیں گے۔علاوہ ازیں انسولین استعمال کرنے والے عازمین حج کرام کول بکس اپنے ہمراہ رکھیں تاکہ ایئر پورٹ مکہ،مدینہ کے سفر اور ایام حج کے دوران برف رکھ کر انسولین استعمال کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ عازمین حج اپنے تحائف (بڑا ٹرالی بیگ،ہینڈ کیری بیگ،منیٰ بیگ اور خواتین کیلئے سکارف)10دن قبل ویکسی نیشن لگوانے کے وقت اپنے متعلقہ حاجی کیمپ سے حاصل کریں گے جبکہ پرواز سے 2دن قبل عازمین حج یا گروپ لیڈرباقی عازمین حج کے اصل شناختی کارڈ اور تصویر والی اصل بینک رسید کے ہمراہ متعلقہ حاجی کیمپ سے حج ویزہ،ہوائی ٹکٹ،شناختی لاکٹ، بیگ پر لگانے کیلئے شناختی کوائف نامہ اور سعودیہ میں استعمال کیلئے مفت زونگ سم حاصل کریں گے ا ور تمام عازمین حج اپنے ہوائی ٹکٹ پر دی گئی تاریخ کے مطابق اپنی پرواز سے5گھنٹے قبل متعلقہ ایئر پورٹ پر سفری دستاویزات جس میں اصل پاسپورٹ،ٹکٹ،ویزہ،شناختی لاکٹ کے ہمراہ لازمی پہنچ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عازمین حج ایئر پورٹ پر بیگ کو پلاسٹک ریپنگ ضرور کروائیں جس کی قیمت 50روپے فی بیگ مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے عازمین حج سے گزارش کی کہ مذکورہ بالا ہدایات اور پاک حج ایپ پر ملنے والی عمومی اطلاعات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی قسم کی زحمت سے بچ سکیں۔