بھارتی فوج ،مودی کے ہاتھ لاکھوں کشمیری مسلمانوں کے خون سے آلودہ ہیں ‘ شجاعت حسین

بدھ 23 اپریل 2025 23:30

بھارتی فوج ،مودی کے ہاتھ لاکھوں کشمیری مسلمانوں کے خون سے آلودہ ہیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے قائد و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین اور مرکزی سیکرٹری جنرل محمد طارق حسن نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 28سیاحوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان پر بھارت الزام تراشی کی سیاست سے گریز کرے ،بھارت اور انکی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘ملکر جدوجہد آزادی کشمیر سے توجہ ہٹانے،کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیر مسلمانوں کے قتل عام و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت سازشوں میں مصروف بہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں کی ہلاکتوں کے بعد بھارتی میڈیا اور ’’را ‘‘سے جڑے ہوئے کرداروں کی جانب سے پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کو مسترد کرتے ہیں ،عالمی دنیا جانتی ہے کہ بھارتی فوج اور مودی کے ہاتھ پہلے ہی لاکھوں کشمیری مسلمانوں کے خون سے آلودہ ہیں۔