غزہ کی صورت حال پر ملک بھر میں بیداری کی مہم چلائیں گے،الحاج نصیر یوسف وہرہ

جمعرات 24 اپریل 2025 16:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) مرکزی کلاتھ بورڈ اتحاد گروپ پاکستان کے صدر الحاج نصیر یوسف وہرہ نے کہا ہے کہ غزہ کی صورت حال پر ملک بھر میں بیداری کی مہم چلائیں گے جبکہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنا مؤقف واضح کریں کہ وہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہیں،سب پاکستانی فلسطینی عوام پر غزہ میں ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 28 سیاحوں کا قتل انتہائی افسوسناک ہے،ہم مقبوضہ کشمیرمیں سیاحوں پر حملے کی پرزور مذمت اور بھارت کی جانب سے فوری طور پرپاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے کے گھٹیا پراپیگنڈہ کو مسترد کرتے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد پروپیگنڈا قابل افسوس ہے،ہم 26 اپریل کی ہڑتال اور27 اپریل کو مینار پاکستان میں اہل فلسطین کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کریں گے جبکہ فلسطین کی حمایت میں قائم مجلس اتحاد اُمت کے پلیٹ فارم کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت اُمت مسلمہ اور انسانیت کا سب سے بڑا مسئلہ فلسطین اور غزہ ہے۔ہم سب فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں،ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل کی سرپرستی بند کرے،غزہ سے بے گھر ہونے والے فلسطینی امداد کے مستحق ہیں اسلئے ہر پاکستانی اہل فلسطین کے ساتھ مالی اور اخلاقی تعاون کرے۔