Live Updates

پاکستان رینجرز نے سرحدی علاقے سے بھارتی سیکورٹی اہلکار کو گرفتار کر لیا

پاکستان نے بھارتی سیکورٹی اہلکار کو حراست میں لینے سے متعلق بھارتی حکام کو بھی آگاہ کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 24 اپریل 2025 20:52

پاکستان رینجرز نے سرحدی علاقے سے بھارتی سیکورٹی اہلکار کو گرفتار کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2025ء) پاکستان رینجرز نے سرحدی علاقے سے بھارتی سیکورٹی اہلکار کو گرفتار کر لیا، بھارتی حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا کی جانب سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ پاکستان رینجرز نے سرحدی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی فورس کے اہلکار کی گرفتاری عمل میں لائی۔ بھارتی سیکیورٹی اہلکار کو بدھ کے روز پنجاب کے سرحدی علاقے فیروز پور سے پاکستان رینجرز کی جانب سے گرفتار کیا گیا۔

بھارتی  سیکورٹی فورس کی 182ویں بٹالین سے تعلق رکھنے والا کانسٹیبل پی کے سنگھ وردی میں ملبوس اور سروس رائفل کے ساتھ سرحدی علاقے میں موجود تھا جب اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے بھارتی سیکورٹی اہلکار کو حراست میں لینے سے متعلق بھارتی حکام کو آگاہ کردیا جس کے بعد دونوں ممالک کی فورسز میں فیلگ میٹنگ جاری ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس حوالے سے تاحال پاکستان کے سیکورٹی اداروں کی جانب سے باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی۔ جبکہ حکومت پاکستان کی جانب سے بھی اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ بھارتی سیکورٹی اہلکار کی پاکستان میں گرفتاری کی اطلاعات ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب دونوں ممالک کے تعلقات میں گزشتہ 2 روز کے دوران مزید تناو پیدا ہوا ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کیخلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
                                             
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات