Live Updates

دفتر خارجہ کی پاکستان ،بھارت کے درمیان تناؤ کی صورتحال پر غیرملکی سفیروں کو بریفنگ

پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم اور ہر شکل میں دہشت گردی کو مسترد کیا ہے،سیکرٹری خارجہ

جمعرات 24 اپریل 2025 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)وزارت خارجہ نے غیرملکی سفیروں اور سفارت کاروں کو پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال پر بریفنگ دی ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کی سیکرٹری آمنہ بلوچ نے اسلام آباد میں تعینات سفارتی مشنز کے سربراہان اور سفارت کاروں کے ایک گروپ کو بھارت کے غیرقانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بریفنگ دی۔

سیکرٹری خارجہ نے غیرملکی سفیروں کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے نتائج سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف بھارتی غلط معلومات پر مبنی مہم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حربے خطے میں امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کریں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خارجہ نے زور دیاکہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم اور ہر شکل میں دہشت گردی کو مسترد کیا ہے۔انہوں نے بھارت کی جانب سے کشیدگی بڑھانے کی کوششوں کے خلاف بھی خبردار کیا اور کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی تیاری کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں وزارت خارجہ نے پاک بھارت تناؤ کی موجودہ صورتحال پر غیرملکی سفیروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔سفارتی ذرائع کے مطابق دفترخارجہ نے اسلام آباد میں موجود غیر ملکی سفیروں کو پاک بھارت تناؤ کی صورتحال پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔سفارتی ذرائع کے مطابق مختلف ممالک کے اسلام آباد میں موجود سفارت کاروں اور ہائی کمشنروں کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جس کے بعد سفارت کاروں کے دفتر خارجہ آمد ہوئی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق یورپی، مشرق وسطی، افریقا، وسطی ایشیا اور ایشیا پیسیفک کے ممالک کے سفارت کاروں کو طلب کیا گیا۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب، عمان، متحدہ عرب امارات، جرمنی، آذربائیجان، قطر، یورپی یونین، آسٹریلیا، ترکمانستان، ترکی، چین اور جاپان کے سفیر دفترخارجہ پہنچے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات