Live Updates

پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ بھر میں تین دن اظہار تشکر ریلیاں نکالنے اور جشن منانے کا اعلان کردیا

جمعرات 24 اپریل 2025 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے وفاقی حکومت کی جانب سے متنازعہ کینالوں کے منصوبے پر کام بند کرنے کے اعلان پر سندھ بھر کے تمام اضلاع سے لے کر تمام تحصیلوں کی سطح تک مسلسل تین دن اظہار تشکر ریلیاں نکالنے اور جشن منانے کا اعلان کیاہے۔سندھ کے صدر نثار کھوڑونے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کینالوں کے منصوبے پر کام بند کرنے کا اعلان متنازعہ کینالوں کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کے موقف کی کامیابی ہے۔

پیپلز پارٹی کے سندھ بھر میں اضلاع سے لے کر تحصیل سطح تک تمام تنظیمی عہدیداران و ذمہ داران آج(جمعہ) سے مسلسل تین دن ضلعی اور تحصیل سطح پر کینال منصوبے کے خلاف پیپلز پارٹی کے موقف کی کامیابی پر اظہار تشکر ریلیاں نکالیں اور جشن منائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ متنازعہ کینالوں کے منصوبے کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کی جدوجہد کی وجہ سے وفاقی حکومت کو سندھ کا موقف تسلیم کرنا پڑا۔

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سی سی آئی میں بھی سندھ کا بھرپور مقدمہ لڑے گی اور متنازعہ کینالوں کے منصوبے کو ختم کرائے گی۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جدوجہد کرکے کالاباغ ڈیم منصوبہ ختم کرایا تھا اور اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف سندھ کے موقف کو تسلیم کرایا ہے۔کینالوں کا مسئلہ صرف پانی کا مسئلہ نہیں سندھ کے وجود کا مسئلہ ہے۔پیپلز پارٹی نے سندھ کے وجود کو بچانے کے لئے ہر فورم پر بھرپور کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہینگے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات