Live Updates

وزیراعظم اور بلاول کی مشترکہ پریس کانفرنس صوبائی حقوق اور آئینی وفاقیت کے تحفظ کی ایک اہم پیش رفت ہے، شازیہ مری

پانی ایک قومی اثاثہ ہے اور اس کے استعمال سے متعلق فیصلے صرف اجتماعی مشاورت سے ہی کیے جا سکتے ہیں، رہنما پیپلز پارٹی کا بیان

جمعہ 25 اپریل 2025 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہاہے کہ وزیراعظم اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ پریس کانفرنس صوبائی حقوق اور آئینی وفاقیت کے تحفظ کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ وزیراعظم اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ پریس کانفرنس صوبائی حقوق اور آئینی وفاقیت کے تحفظ کی ایک اہم پیش رفت ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ان کی اصولی اور جر?ت مندانہ قیادت پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ چیئرمین بلاول کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں وفاقی حکومت نے یہ اہم فیصلہ کیا کہ کوئی نئی نہر مشترکہ مفادات کونسل کی باہمی رضامندی کے بغیر تعمیر نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہاکہ یہ فیصلہ نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی بلکہ تمام وفاقی اکائیوں کی جیت ہے، یہ عوام کی جیت ہے،ہم وسائل کی منصفانہ تقسیم اور آئینی برابری کے خواہاں ہیں۔

شازیہ مری نے کہاکہ پانی ایک قومی اثاثہ ہے اور اس کے استعمال سے متعلق فیصلے صرف اجتماعی مشاورت سے ہی کیے جا سکتے ہیں۔ شازیہ مری نے کہاکہ وفاق اور صوبوں پر مشتمل کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، جو زراعت اور پانی سے متعلق دیرپا پالیسی تشکیل دے گی، جو 1991 کے واٹر اپورشنمنٹ معاہدے اور 2018 کی واٹر پالیسی کے مطابق ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی بقاء اور ترقی اتفاق، آئینی ہم آہنگی، اور بین الصوبائی اعتماد پر منحصر ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ صوبوں کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور رہے گی۔

شازیہ مری نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ federating units میں بسنے والے لوگوں کی خوشحالی وفاق کو مضبوط کرتی ہے، بھارت کی جانب سے پانی کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا ایک ظالمانہ قدم ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے کے اعلان کی شدید مزمت کی ہے، کسی ایک فریق کی خواہش پر یہ معطل نہیں ہو سکتا۔

شازیہ مری نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے اس اعلان کو غیرقانونی اور غیر انسانی قرار دیا ہے، بلاول بھٹو زرداری انڈس پر اپنے لوگوں کے حق کے لیئے احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی بھارت کے اس ظالمانہ اعلان کے خلاف حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، چیئرمین بلاول نے کہا کہ بھارت کے اس غیرانسانی قدم کے خلاف پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھائے گا اور بھارت کے یکطرفہ اعلان کا منہ توڑ جواب دے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات