Live Updates

امریکہ ،اتحادیوں کے نزدیک مسلمانوں کا خون سستا کیوں ہے ،غزہ میں مسلمانوں کے اڑتے لاشے کیوں نہیں دکھائی دیتے ‘ ساجد میر

مذمت کا یہ دہرا معیار کیوں،دہشتگردی ریاستی ہو یا غیر ریاستی دونوں کی مذمت کرتے ہیں ،مادر وطن کا دفاع ہمارے لیے ہر چیز پر مقدم ہے کارکنان ہر لمحہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ تیار رہیں‘ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان

جمعہ 25 اپریل 2025 15:45

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے نزدیک مسلمانوں کا خون سستا ہے ،انہیں غزہ کی فضاوں میں مسلمانوں کے اڑتے لاشے کیوں نہیں دکھائی دیتے ،مذمت کا یہ دہرا معیار کیوں دہشتگردی ریاستی ہو یا غیر ریاستی ہم دونوں کی مذمت کرتے ہیں وہ کشمیر میں ہو یا فلسطین میں۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاک ہ مقبوضہ جموں کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملہ قابل مذمت ہے۔ مودی سرکار اپنی سیکورٹی فورسز کی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر مت ڈالے۔ کشمیرمیں بھارتی مظالم ڈھکے چھپے نہیں ہیں ۔ایک لاکھ سے زائد کشمیری مسلمان اور ستر ہزار کے قریب فلسطینی مسلمان شہید ہوچکے ہیں یہ سب ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پروفیسر ساجد میر نے خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اپنے کارکنان کو ہدایت جاری کی ہے کہ ہر لمحہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ تیار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مادر وطن کا دفاع ہمارے لیے ہر چیز پر مقدم ہے۔ ہماری جماعت بلکہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات