سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر شدید مذمت

جمعہ 25 اپریل 2025 17:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر شدید مذمت۔ صدر ایوان تفصیلات کے مطابق سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد خالد کاکیزئی، سینر نائب صدر امیت کمار، نائب صدر ملک محمد اویس رئیس و دیگر نے بھارت میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاکستان پر عائد کئے جانے والے بے بنیاد الزامات اور سندھ طاس معاہدے کی یک طرفہ معطلی کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ اقدام پاکستان کو معاشی اور زرعی طور پر نقصان پہنچانے کی ایک منظم اور بد نیتی پر مبنی سازش ہے، جو قابل قبول نہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے، اور پاکستان بھارت کی کسی بھی قسم کی آبی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکھر چیمبر ملک کے پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیئے حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیشہ کی طرح ملک کے وقار، خود مختاری اور تحفظ کے لیئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا یقین دلاتا ہے۔سکھر چیمبر تمام بین الاقوامی اداروں سے پر زور اپیل کرتا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی آبی جارحیت اور اس کی سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیئے اپنا مو ثر کردار ادا کریں۔