Live Updates

بھارتی حکومت کی جانب سے بغیر تحقیقات پاکستان پر الزامات ،یکطرفہ اقدامات قابل مذمت ہیں‘ صفدر عباسی، ناہید خان

بھارتی حکومت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ ایک سخت اقدام ہے جس کے دور رس نتائج ہوں گے

جمعہ 25 اپریل 2025 18:40

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) صدر پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز ڈاکٹر صفدر علی عباسی اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سیاسی معاون ناہید خان نے پہلگام میں دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے بغیر تحقیقات پاکستان پر الزامات اور یکطرفہ اقدامات بھی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کا پاکستان پر الزام تراشی نہ صرف بین الاقوامی انصاف کے اصولوں کو پامال کرتی ہے بلکہ پاکستان کے خلاف ان کی دشمنی کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

مزید برآں بھارتی حکومت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ ایک سخت اقدام ہے جس کے دور رس نتائج ہوں گے اور اس سے خطے کے لوگوں کے مصائب میں اضافہ ہو گا جو دریائے سندھ کے نظام پر منحصر ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔ انہوںنے کہاکہ ہم پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی حکومت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو سفارتی محاذ پر اٹھایا جائے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو سکے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پہلے ہی اس حملے کی تردید اور مذمت کر چکا ہے ، ہر ایک پاکستانی سیاسی اختلافات خواہ وہ کچھ بھی ہوں انہیں پس پشت ڈال کر بھارتی تسلط کے خلاف ایک قوم کی حیثیت سے متحد ہو جائیں۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات