م* غزہ میں طویل عرصے سے جاری ظلم کی داستان بند ہونی چاہیے، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

جمعہ 25 اپریل 2025 22:00

[لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2025ء) نائب امیر مرکزی اہل حدیث اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے مرکز اہل حدیث میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں طویل عرصے سے ظلم کی داستان جاری ہے ، فرعونیت کا یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے ۔حیرت ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردارعالمی اداروں کو فلسطین میں جاری درندگی نظر کیوں نہیں آرہی ۔

انسانیت کی تذلیل اور مظلوموں کی آہوں ،بچوںاورخواتین کا بہیمانہ قتل انہیں نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین کی سرزمین فلسطینیوں کی ہے، مگر استعماری طاقتوں کی سرپرستی سے اسرائیل نے انہیں اپنی ہی ماں دھرتی پر اجنبی بنا دیا ہے، فلسطینی عوام کو خود مختاری ملنی چاہیے،یہ ان کا حق ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جس کا کوئی وجود نہیں تھا ، ایک سازش کے تحت 1948 ء میںمشرق وسطی میں خنجر کی طرح پیوست کیا گیا۔

آج ہمیں اپنی استطاعت کے مطابق غزہ کی اس تحریک میں حصہ ڈالنا چاہیے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے کارکن 27 اپریل کو مجلس اتحاد امت مسلمہ کے زیر اہتمام مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونے والے غزہ ملین مارچ اورمردہ باد اسرائیل ریلی میں شریک بھرپور شرکت کریں گے۔ قائدین بھی اس میں شریک ہوں گے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ انڈیا کا وطیرہ ہمیشہ پاکستان کی مخالفت اور دشمنی رہا ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میںپہلگام واقعہ کے بعد بھارت کی طرف سے جاری آبی جاریت ناقابل برداشت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ 1960 میںسندھ طاس معاہد ہ دونوں ممالک کے درمیان عالمی اداروں کی ثالثی سے ہوا اوروہی اس کے گارنٹر بھی ہیں مگر افسوس ہے کہ بھارتی وزیر اعظم مودی اپنی سیاسی ساکھ بچانے کے لیے ہمیشہ سے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام اور پلوامہ کے ڈراموں سے پہلے امریکی صدر بل کلنٹن کی انڈیا آمد کے موقع پر سکھوں کے قتل جیسے گھناونے جرائم بھی کرچکا ہے۔ مودی اپنی مکارانہ چالوں میں مشہور ہے۔ پہلے بھی اس نے کئی چالیں چلی ہیں مگر ہر بار بھارت کے گھناونے چہرے سے نقاب اترا ہے ۔ ہم عالمی برادری سے اپیل کریں گے کہ وہ بھارتی جارحیت کو بند کروائے ،پاکستان کا کوئی پانی نہیں روک سکتا اور ہم حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کی طرف سے دیا گیا جواب قو م کی ترجمانی ہے، اسے سراہتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انڈیا پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ۔اسلام کے نام پر بننے والا ملک ا ن شاء اللہ ہمیشہ زندہ رہے گا اور بھارت کی یہ چلیں ناکام ہوں گے۔ نماز جمعہ کے بعد بتی چوک میںڈاکٹر عبدالغفور راشد نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہر ے سے خطاب بھی کیا ۔