Live Updates

شریف خاندان کا بھارت میں کاروبار ہے، یہ کبھی بھی بھارت کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے

بھارت کے خلاف سخت کارروائی صرف ایک شخص کر سکتا ہے جس کا نام عمران خان ہے، بالاکوٹ پر ہندوستان نے جب حملہ کیا تھا تو عمران خان نے کہا تھا کہ ہم سوچیں گے بعد میں اور وار پہلے کریں گے اور انہوں نے پاک فضائیہ کو حکم دیا اور دشمن کے دو جہاز گرائے، عمر ایوب خان

muhammad ali محمد علی جمعہ 25 اپریل 2025 22:43

شریف خاندان کا بھارت میں کاروبار ہے، یہ کبھی بھی بھارت کے خلاف کارروائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2025ء) عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کا بھارت میں کاروبار ہے، یہ کبھی بھی بھارت کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے بھارت کے خلاف سخت کارروائی صرف ایک شخص کر سکتا ہے جس کا نام عمران خان ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے پاکستان تحریک انصاف کے 29واں یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد خیبر پختونخوا ہاوس میں منعقدہ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جدوجہد آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے۔

ہم اس جدوجہد کو ملک میں حقیقی معنوں میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی تک جاری رکھیں گے۔ اس وقت ملک میں عدل کا فقدان ہے نظام عدل مفلوج کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف 29 سال قبل عمران خان نے انصاف کی تحریک شروع کی۔ آج عمران خان کو ناحق پابند سلاسل کیا گیا اور اس کے خاندان کو نہیں ملنے دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کے حصول کے لیے دربدر ہیں ہماری بات تک نہیں سنی جارہی۔

ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ آج ہمارے وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک یادداشت جمع کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مودی سرکار نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا ہے اور یہ طبل جنگ ہے۔ ہم پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مقابلہ کریں گے۔ اس وقت قوم کو اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔ قوم کو اکٹھا کرنے کی سقط موجودہ وزیراعظم اور آصف زرداری میں نہیں اگر پوری قوم کو متحد کر سکتا ہے تو وزیراعظم عمران خان ہیں۔

عمران خان ملک کو موجودہ صورتحال سے نکال سکتے ہیں مگر ان کو پابند سلاسل کیا گیا ہے۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ بالاکوٹ پر ہندوستان نے جب حملہ کیا تھا تو عمران خان نے کہا تھا کہ ہم سوچیں گے بعد میں اور وار پہلے کریں گے اور انہوں نے پاک فضائیہ کو حکم دیا اور دشمن کے دو جہاز گرائے۔ ہمیں عمران خان کی طرح کی دلیر قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور ہم ملک میں عدلیہ کی آزادی اور آزاد میڈیا کے لیے تحریک چلائیں گے۔ ملک میں جمہوریت قید ہے عدالتوں کا حکم ماننے کے لیے کوئی تیار نہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات