Live Updates

سلامتی کونسل کی طرف سے پہلگام دہشتگرد حملے کی کڑی مذمت

یو این ہفتہ 26 اپریل 2025 03:00

سلامتی کونسل کی طرف سے پہلگام دہشتگرد حملے کی کڑی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 26 اپریل 2025ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ایک سیاحتی مقام پر دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں کم از کم 26 سیاح ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

کونسل نے حملے کا ارتکاب کرنے والوں کے احتساب اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے عالمی برادری سے تعاون کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

جمعہ کو جاری ہونے والے بیان میں کونسل کے ارکان نے متاثرین کےخاندانوں اور انڈیا و نیپال کی حکومتوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کی ہے۔

دہشت گردی کا یہ واقعہ گزشتہ منگل کو پیش آیا جب انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے مقبول سیاحتی علاقے پہلگام میں مسلح افراد کے گروہ نے سیاحوں پر فائر کھول دیا تھا۔

(جاری ہے)

عالمی برادری کی ذمہ داری

کونسل کے ارکان نے کہا ہے کہ ہر طرح اور ہر انداز کی دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین ترین خطرہ ہے۔ ایسے افعال اپنے محرکات سے قطع نظر مجرمانہ اور ناقابل جواز ہیں خواہ ان کا ارتکاب کسی نے، کسی بھی وقت اور کہیں بھی کیا ہو۔

ارکان نے کہا ہے کہ اس حملے کا ارتکاب کرنے والوں کے ساتھ اس کی منصوبہ بندی، اس کے لیے مالی وسائل کی فراہمی اور حملے کی سرپرستی کرنے والوں کا احتساب بھی ہونا چاہیے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور اس معاملے میں تمام متعلقہ حکام کے ساتھ فعال طور سے تعاون یقینی بنائیں۔

کونسل کے ارکان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت عائد ہونے والی ذمہ داریوں کی مطابقت سے تمام ممالک بین الاقوامی امن و سلامتی کو دہشت گردی سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں۔

اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے کہا ہے کہ ادارہ علاقے میں صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور اسے موجودہ حالات پر سخت تشویش ہے۔

نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ انڈیا اور پاکستان کی حکومتوں پر ایک مرتبہ پھر زور دیتا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ حالات کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات